0
Wednesday 31 Jan 2018 13:10

گوادر میں جاری دو روزہ عالمی ایکسپو 2018ء اختتام پذیر

گوادر میں جاری دو روزہ عالمی ایکسپو 2018ء اختتام پذیر
اسلام ٹائمز۔ گوادر میں جاری بین الاقوامی دو روزہ ایکسپو 2018ء اختتام پذیر ہوگیا ہے۔ ایکسپو کا انعقاد چائنا اوور سیز پورٹ ہولڈنگ اینڈ کمپنی لمیٹڈ کے زیرانتظام کیا گیا تھا۔ ایکسپو کا انعقاد گوادر فری زوز کے فیز ون میں قائم لینی سٹی کی عمارت میں ہوا۔ اس دو روزہ ایکسپو میں ملکی اور غیر ملکی کمپنیوں کی جانب سے اپنے برانڈ کے اسٹال لگائے تھے، جس میں متعدد معروف چینی کمپنیاں بھی شامل تھیں۔ اسٹالز میں تعمیراتی میٹریل، مختلف اقسام کی مشنری، گاڑیوں، سی فوڈ، کھجور، کراکری اور بلوچی ملبوسات وغیرہ کو نمائش کے لئے پیش کیا گیا تھا۔ ایکسپو کے آخری روز لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ جن میں گوادر کے مقامی شہریوں کے علاوہ مختلف سرکاری و نجی اسکولوں کے طلباء اور خواتین کی بڑی تعداد بھی شامل تھی۔ اس کے علاوہ ملک کے دیگر شہروں سے بھی لوگ عالمی ایکسپو دیکھنے گوادر آئے تھے۔ ایکسپو کے منتظمین کے مطابق اس دو روزہ ایکسپو میں 5535 وزیٹر نے شرکت کی، جن میں ملکی سرمایہ کار اور کاروباری لوگوں کی بڑی تعداد بھی شامل تھی۔ ایکسپو کے اختتام پر رات کو پاک چائنا فوڈ فیسٹول کا انعقاد کیا گیا تھا اور دونوں ملکوں کے ثقافتی پروگرام بھی منعقد کئے گئے۔ اس موقع پر آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا، جبکہ کلچر شو میں خیر جان آرٹ اکیڈمی گوادر کی جانب سے فن کاروں نے اپنی صلاحیتیوں کا مظاہرہ کیا۔

واضح رہے کہ گوادر میں عالمی طرز کا یہ پہلا ایکسپو تھا، جس میں ملک کی اعلٰی سیاسی قیادت اور سرکاری حکام شریک تھے۔ ایکسپو کی نمائش اور گوادر بندرگاہ کے فری زون فیز ون کے افتتاح سے مقامی شہریوں کو اپنا معیارِ زندگی بلند کرنے کے حوالے سے اپنے ملک کی سیاسی قیادت سے گوادر شہر کے لئے غیر معمولی پیکیج کے اعلان کی توقع تھی۔ وزیراعلٰی بلوچستان نے ایکسپو کی افتتاحی تقریب میں گوادر کے پانی اور بجلی کے مسائل پر قابو پانے کے لئے صوبائی حکومت کے استعدادِ کار کی بے بسی کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان سے اس حوالے سے معاونت کی اپیل کی۔ جبکہ گوادر کی پرانی آبادی کے لئے دو سو ارب کے پیکیج کے اعلان کی تجویز بھی پیش کی۔ گوادر میں عالمی ایکسپو کے موقع پر وی آئی پی سکیورٹی کے سخت ترین اقدامات کئے گئے تھے۔ سکیورٹی کے سخت اقدامات کی وجہ سے پورٹ روڈ کے اطراف میں واقع دکانیں سیل کر دی گئیں تھی۔ گوادر ایکسپو کے منتظمین اس تقریب کو اپنی بہت بڑی کامیابی قرار دے رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 701072
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش