0
Monday 5 Feb 2018 20:02
لاہور کی مال روڈ پر جماعت اسلامی کے زیراہتمام یکجہتی کشمیر کارواں

حکمرانوں کی مودی سے دوستی نے کشمیر کاز کو نقصان پہنچایا ہے، لیاقت بلوچ

حکمرانوں کی مودی سے دوستی نے کشمیر کاز کو نقصان پہنچایا ہے، لیاقت بلوچ
اسلام ٹائمز۔ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر لاہور کی مال روڈ مردہ باد انڈیا کے نعروں سے گونج اٹھی، لاہوریوں کا بھارت سے کشمیر کو فوری آزاد کرنے کا مطالبہ۔ لاہور میں جماعت اسلامی کے زیراہتمام "یکجہتی کشمیر کارواں" کا اہتما کیا گیا جس کی قیادت جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کی جبکہ دیگر مذہبی جماعوں کے قائدین بھی اس موقع پر موجود تھے۔ کشمیر ریلی سے جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکمران کشمیر پر تذبذب کا شکار ہیں، کشمیر پر یک زبان ہونے کی ضرورت ہے، بھارتی وزیراعظم سے دوستی کرنے سے کاز کو نقصان پہنچا ہے، پاکستانی قیادت بھارت سے دوستی پر غلطی پر ہے، بھارت پاکستان میں دہشتگردی میں ملوث ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے بھارت کی بالادستی کو قبول نہیں کیا، کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں حق رائے دیہی ملنا چاہئے۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ بھارت خطے کو ایٹمی جنگ کی طرف لیجا رہا ہے، اقوام متحدہ کشمیر پر اپنا خصوصی نمائندہ مقرر کرے۔ انہوں نے کہا کہ  نواز شریف کی موجودہ حکومت کے دور میں کشمیر پر دو ٹوک پالیسی نہیں بنائی جا سکی، اقوام متحدہ میں کشمیریوں کی سفارتی جنگ لڑنے کیلئے وزارت خارجہ ڈیسک قائم کرے، کشمیر کے معاملے پر نائب وزیر خارجہ مقرر کیا جائے۔

مال روڈ پر کشمیر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اہلحدیث پاکستان کے سربراہ ابتسام الہی ظہیر نے کہا کہ کشمیریوں نے بھارت کی غلامی کو تسلیم نہیں کیا، ستر سالوں سے کشمیری کشمیر بنے گا پاکستان کا نعرہ لگا رہے ہیں، مودی اور اس کے حواریوں کو پیغام دیتے ہیں کہ کشمیر سارے کا سارا ہمارا ہے، کشمیر کی آزادی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ شیعہ علماء کونسل پنجاب کے نائب صدر حافظ سید کاظم رضا نقوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکمرانوں کو عقل کے ناخن لینے چاہئے، سیاست سے بالاتر ہوکر کشمیر کو آزاد کرانے کیلئے اقدامات کرے۔ جمیعت علمائے پاکستان کے امیر قاری زوار بہادر نے کہا کہ کشمیریوں نے اپنا خون دیکر آزادی کی تحریک کو زندہ کیا ہے، کشمیریوں کو زیادہ دیر بھارت اپنا غلام نہیں رکھ سکتا۔ جماعت اسلامی کے رہنما امیرالعظیم کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کی جدوجہد کو ٹھوس منصوبہ بندی سے آگے بڑھائیں، کشمیر کی آزادی کیلئے ٹائم فریم کے ساتھ کام کریں، حکمران کشمیر کی آزادی کی جدوجہد کرنے والوں کے راستے کی رکاوٹ نہ بنیں۔
خبر کا کوڈ : 702494
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش