0
Sunday 18 Feb 2018 23:58

مشرف کی نیب کا پہلا شکار زرداری اور پھر نواز شریف ہوئے، مولانا فضل الرحمان

مشرف کی نیب کا پہلا شکار زرداری اور پھر نواز شریف ہوئے، مولانا فضل الرحمان
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ سابق صدر پرویز مشرف نے نیب کا قیام احتساب کیلئے نہیں، بلکہ سیاستدانوں سے انتقام لینے کیلئے کیا تھا، جسکا پہلے شکار آصف زرداری ہوئے اور پھر نواز شریف کو نااہل کر دیا گیا، 22 مارچ کو کراچی میں بھی ایک بڑا جلسہ کرینگے، وہ حیدرآباد میں ہٹڑی بائی پاس کے مقام پر اسلام زندہ باد کانفرنس کے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ قومی احتساب بیورو کو غیر جانبدار ہو کر کام کرنا چاہیئے، لیکن بدقسمتی یہ ہے کہ اب نیب کو سیاستدانوں کے خلاف استعمال کیا جا رہا ہے، انھوں نے کہا کہ ہم بھی چاہتے ہیں کہ ملک سے کرپشن کا خاتمہ ہو، لیکن بالکل غیر جانبدارانہ کاروائی ہونی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں دیکھا جائے، تو سابق صدر پرویز مشرف نے ملک میں بہت سے غیر آئینی کام کئے، جس کے باعث ملک کی بدنامی ہوئی اور نیب کو بھی قائم کیا، نیب کا قیام کرپشن کے خاتمے کیلئے تھا، مگر اس کو بھی انتقامی کارروائیوں پر لگا دیا، پہلے پیپلز پارٹی اسکا شکار ہوئی، یوسف رضا گیلانی کو بھی نااہل کیا گیا، پھر نواز شریف بھی شکار ہوگئے، ہر ادارے کو اپنی حدود میں رہ کر کام کرنا چاہئے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہمارے حکمران آج بھی مغربی آقاؤں کی طرف دیکھ رہے ہیں اور ان سے امداد کے منتظر ہیں، لیکن ہم یہ سمجھتے ہیں کہ امریکا پاکستان میں دہشتگردی کا خاتمہ نہیں چاہتا، بلکہ میں انتشار اور افراتفری پھیلانا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک میں دہشتگردی کے خاتمے کے نام پر اسکول اور مدارس کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے، جو کہ غیر آئینی اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ملک میں آئین کی پاسداری چاہتے ہیں، آج ملک میں کوئی قانون نہیں ہے، ہر طرف قتل و غارتگری، افراتفری ہے اور غریب عوام دو وقت کی روٹی سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے مسائل کا حل صرف اسلامی نظام میں ہے اور اسلامی طرز زندگی پر حکمرانی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے آج سے الیکشن کی تیاری شروع کر دی ہے، ہم الیکشن کیلئے تیار ہیں، پہلے چند روز قبل لاڑکانہ میں ایک بڑا جلسہ کیا تھا اور آج حیدرآباد کی عوام نے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے، 22 مارچ کو جناح باغ کراچی میں ایک بڑا جلسہ کرینگے، جبکہ 23 مارچ کو نواب شاہ اور 25 مارچ کو سکھر میں بھی جلسہ کرینگے۔
خبر کا کوڈ : 705874
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش