0
Wednesday 28 Feb 2018 22:29

کراچی، جامعہ این ای ڈی کے شعبہ الیکٹرانک انجینئرنگ کے زیر اہتمام ’’عالمی کانفرنس‘‘ کا انعقاد

کراچی، جامعہ این ای ڈی کے شعبہ الیکٹرانک انجینئرنگ کے زیر اہتمام ’’عالمی کانفرنس‘‘ کا انعقاد
اسلام ٹائمز۔ جامعہ این ای ڈی کے شعبہ الیکٹرانک انجینئرنگ کے زیر اہتمام ’’انٹرنیشنل کانفرنس آن ایمرجنگ ٹرینڈ اِن ٹیلی کمیونیکیشن اور الیکٹرونکس انجینئرنگ‘‘ کے عنوان سے دو روزہ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں وفاقی وزیر مملکت برائے خزانہ رانا افضل خان نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ کانفرنس سے ملائیشیا یونیورسٹی کے ڈپٹی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عدہ بن ہاشم، ویژن ڈیزائن انجینئر انٹل کارپوریشن (یو کے) کے ڈاکٹر جہانزیب احمد، ایڈجنٹ پروفیسر لنکوپنگ یونیورسٹی سوئیڈن کے ڈاکٹر تیڈ جانسن، کنوینٹری یونیورسٹی (یو کے) کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر عرفان غنی، پروفیسر ڈاکٹر محمد حسن سید سمیت دیگر عالمی ماہرین نے اپنے تحقیقی مقالہ جات پیش کئے۔ اس موقع پر ڈی این اے چِپ اور نینو ٹیکنالوجی میں پاکستانی طلباء اور اساتذہ کو تربیت فراہم کرنے کیلئے ایم او یو پر دستخط بھی کئے گئے۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ مملکت برائے خزانہ رانا افضل خان نے کہا کہ جامعہ این ای ڈی میرا فخر ہے، اکیاون برس بعد اپنی جامعہ آیا ہوں، موجودہ اور سابقہ طالب علماپنے اپنے تعلیمی اداروں کی بہتری میں کردار ادا کریں، انڈومنٹ فنڈ قائم کیا جائے، تاکہ سابق طلباء اپنے اپنے تعلیمی اداروں کی بہتری میں کردار ادا کر سکیں، آئندہ الیکشن میں اگر عوام نے اعتماد کیا، تو تعلیم اور صحت کے شعبے میں مزید کام کریں گے۔

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ ہم نے تعلیمی بجٹ 35 ارب سے بڑھا کر 108 ارب کیا، جبکہ ن لیگی حکومت نے رواں سال گیارہ ہزار طالب علموں کو اسکالر شپ دیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جامعات کم اور طالب علم زیادہ ہیں، جبکہ شہر بھر کی تمام جامعات سمیت جامعہ کراچی کے مسائل بھی حل ہونے چاہیئے۔ اس موقع پر اپنی حکومت کے آخری بجٹ پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تنخواہیں بڑھانے کا معاملہ زیرِ غور ہے، جو وقت آنے پر طے کیا جائے گا۔ کانفرنس استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے جامعہ این ای ڈی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد جہاں محققین کو بہترین پلیٹ فارم فراہم کر رہا ہے، وہیں مختلف درسگاہوں کے باہمی تعاون سے ترقی کا راستہ بھی کھلتا ہے۔ پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد طفیل جوکھیو نے کہا کہ کانفرنس کے انعقاد کا مقصد نت نئے آئیڈیاز کو فروغ دینا اور طالب علموں کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے۔ کانفرنس کے اختتام پر چیئرمین شعبہ الیکٹرونک انجینئرنگ پروفیسر ڈاکٹر سید عثمان علی شاہ نے ٹیکنالوجی کے حوالے سے آنے والے دور کیلئے طلباء اور اساتذہ کو تیار رہنے پر زُور دیا اور کلیدی مقررین سمیت شرکاء کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں۔
خبر کا کوڈ : 708200
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش