0
Monday 5 Mar 2018 23:23

ترکی، سیکورٹی خدشات کے پیش نظر امریکی سفارتخانہ بند،

ترکی، سیکورٹی خدشات کے پیش نظر امریکی سفارتخانہ بند،
اسلام ٹائمز۔ ترک دارالحکومت انقرہ میں امریکی سفارتخانے کو سیکورٹی خدشات کے پیش نظر بند کردیا گیا۔ انقرہ میں امریکی سفارتخانے سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکورٹی خدشات کے پیش نظر سفارتخانے کو عارضی طور پر عوام کے لیے بند کیا گیا ہے اور پیر 5 مارچ کو پبلک سروسز بند رہیں گی البتہ ہنگامی سروسز جاری رہیں گی۔ بیان میں بتایا گیا ہے کہ سفارتخانے کی بندش کے دوران ویزا انٹرویوز اور دیگر سرگرمیاں بھی معطل رہیں گی تاہم سفارتخانے کے دوبارہ کھلنے اور سفارتی سرگرمیوں کی بحالی کے حوالے سے اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ سفارتخانے نے ترکی میں موجود امریکی شہریوں کو ہدایات کی ہیں کہ وہ سفارت خانے کی عمارت دور اور پُرہجوم مقامات میں جانے سے گریز کریں اور سفر میں احتیاط سے کام لیں۔ دوسری جانب انقرہ کے گورنر ہاؤس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی حساس اداروں نے دہشت گردوں کی جانب سے امریکی سفارتخانے اور امریکی شہریوں کی رہائش گاہوں کو نشانے بنانے کا امکان ظاہر کیا ہے جس کے بعد حفاظتی اقدامات اٹھائے گئے۔ خیال رہے کہ ترک پولیس نے دارالحکومت انقرہ سے بین الاقوامی دہشت گرد تنظیم داعش کے 12 دہشت گردوں کو بھی گرفتار کیا ہے جس کے بعد امریکی سفارتخانے کو بند رکھنے کا بیان سامنے آیا ہے۔

ترکی کی پولیس نے دارالحکومت انقرہ میں امریکی سفارتخانے پر حملے کی منصوبہ بندی کرنے والے 4 مشتبہ عراقیوں کو حراست میں لے لیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ترک اخبار حریت ڈیلی نیوز کی رپورٹ میں کہا گیا کہ گروپ کو، امریکی مشن کی جانب سے سیکیورٹی خطرات کے باعث پیر کو رکھے جانے کے اعلان کے بعد صوبہ سامسون سے گرفتار کیا گیا۔ مشن کی ویب سائٹ پر ترکی میں موجود امریکی شہریوں پر زور دیا گیا تھا کہ وہ بڑے مجمع میں جانے سے گریز کریں۔ اخبار کی رپورٹ میں کہا گیا کہ گرفتار کیے گئے مشتبہ افراد میں سے 2 کو سامسون، انقرہ ہائی وے پر بس سے گرفتار کیا گیا، جبکہ دیگر 2 کو صوبے کے ضلع اِلکادِم سے حراست میں لیا گیا۔ گرفتار افراد پر دہشت گرد تنظیم داعش سے تعلق ہونے کا شبہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ ترک خبر رساں ایجنسی اناطولو کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی الرٹ جاری ہونے کے بعد پیر کی صبح 12 غیر ملکیوں کو داعش سے تعلق کے شبے میں گرفتار کیا گیا۔ ادارے نے کہا کہ ان افراد کو انقرہ پراسیکیوٹر کی جانب سے گرفتاری کے 20 وارنٹ جاری ہونے کے بعد حراست میں لیا گیا۔ گرفتار افراد دہشت گرد تنظیم میں لوگوں کو بھرتی کرنے کی کوشش کر رہے تھے اور شورش زدہ علاقوں میں دہشت گردوں سے رابطے میں تھے۔

انقرہ کے گورنر کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ امریکی سفارتخانے اور جن علاقوں میں امریکی شہری مقیم ہیں، وہاں ممکنہ دہشت گرد حملوں کی امریکی ذرائع سے ترکش انٹیلی جنس کو ملنے والی معلومات کے بعد ہم نے اضافی سیکیورٹی اقدامات اٹھائے تھے۔ ترکی کے نائب وزیر اعظم باقر بوزداگ نے صحافیوں کو بتایا کہ 2011سے اب تک داعش کے 4 ہزار 45 دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا، جن میں سے ایک ہزار 858 غیر ملکی جنگجو ہیں۔ واضح رہے کہ ترک پولیس داعش کے خلاف ملک بھر میں مستقل کارروائی کر رہی ہے اور گزشتہ ماہ بھی اس نے استنبول میں کارروائی کرکے داعش سے تعلق کے شبے میں 29 غیر ملکیوں کو حراست میں لیا تھا۔ سال 2015 سے 2017 کے درمیان ترکی کے مختلف شہروں میں داعش اور کُرد شدت پسندوں کی جانب سے متعدد حملے کیے گئے تھے۔ داعش نے آخری حملے کی ذمہ داری جنوری 2017 میں قبول کی تھی، جب استنبول کے نائٹ کلب میں مسلح شخص کی فائرنگ سے 39 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
خبر کا کوڈ : 709307
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش