0
Wednesday 14 Mar 2018 00:43

سرکاری اسکول میں ایسی تعلیم دیں گے کہ وہاں کے بچے وزیراعظم بن سکیں گے، عمران خان

سرکاری اسکول میں ایسی تعلیم دیں گے کہ وہاں کے بچے وزیراعظم بن سکیں گے، عمران خان
اسلام ٹائمز۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہےکہ گونواز گو بہت ہوگیا اب شہبازشریف کی باری ہے۔ گجرات میں ٹانڈہ کے مقام پر کارکنوں سے خطاب میں عمران خان نے سابق وزیراعظم نوازشریف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جب عدالت نااہل قراردیتی ہے تو کہا جاتا ہے کہ مجھے کیوں نکالا، نوازشریف لوگوں کو پاگل بنارہے ہیں، وہ بتائیں ان کے پاس اربوں روپے کہاں سے آئے؟ جب اربوں روپے کی پراپرٹی نکل آئی تو نواز شریف کوبتانا چاہیے تھا کہ وہ کیسے بنائی۔ انہوں نے کہا کہ یہ 30 سال سے باریاں لے رہے ہیں، یہ امیر اور ہم غریب ہوئے، اب گو نواز گو بہت ہوگیا، اب چھوٹےکی باری ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم ایک نئی قسم کی سیاست کررہے ہیں، نئے پاکستان میں انسانوں پرپیسا خرچ ہوگا، ہم ایسے امیدوار دیں گے جو ہم سے مل کر تبدیلی لائیں گے۔ دوسری جانب شہباز شریف کی جانب سے نوازشریف کو قائداعظم کا سیاسی وارث قرار دینے پر عمران خان نے شدید رد عمل کا اظہار کیا۔ چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ کدھر قائداعظم اور شہباز شریف اور نواز شریف کدھر تم، شہباز شریف تمہیں اتنا بڑا جھوٹ بولتے شرم نہیں آتی۔ عمران خان نے مزید کہا کہ نوازشریف تو فارغ ہوگئے اور شہباز شریف تمہاری باری آنے والی ہے۔

گجرات میں ہی جی ٹی ایس جلسہ گاہ میں خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں چھوٹا ڈاکو جیل میں اور بڑا ڈاکو ملک کا وزیراعظم بن جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس ملک کا وزیراعظم چور ہو، وہ ترقی نہیں کرسکتا، اگر گھر کا سربراہ ہی گھر کو لوٹتا رہے تو گھر کا کیا حال ہوگا؟ عمران خان نے کہا کہ یہاں سے پیسہ چوری کرکے باہر لے جایا گیا اور ملک میں بے روزگاری اور مہنگائی بڑھ گئی۔ انہوں نے کہا کہ چین نے 3 سال میں ساڑھے 450 وزیروں کو کرپشن کے الزام میں جیل میں ڈالا۔ عمران خان نے کہا کہ جس شخص کے بارے میں پارٹی ممبر بتائیں گے کہ وہ بندہ عوام کی خدمت کرنے والا ہے اس کو ٹکٹ دیں گے ،تحریک انصاف مستقبل کی جماعت ہے جو نوجوانوں کا مستقبل ٹھیک کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اسکول میں ایسی تعلیم دیں گے کہ وہاں کے بچے وزیراعظم بن سکیں گے، اپنے ممبران سے پوچھیں گے کہ کس کو پارٹی ٹکٹ دیا جائے، تحریک انصاف جمہوری پارٹی ہوگی خاندانی نہیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ گو نواز گو، کیوں نکالا تو ہوگیا اب شہباز شریف کی باری ہے، 30 سال سے یہ خاندان ملک کو لوٹ رہا ہے، جو پیسہ یہ باہر لے کر جارہے ہیں، ہم اپنے نوجوانوں، کسانوں اور عوام پر خرچ کریں گے۔ عمران خان نے کہا کہ جیسے ہی یہ جائیں گے ملک کے ادارے مضبوط ہوں گے، تحریک انصاف کے جنون کو کوئی شکست نہیں دے سکتا۔
خبر کا کوڈ : 711290
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش