0
Sunday 18 Mar 2018 10:23

پرویز مشرف نے آئین کیساتھ کھلواڑ کیا، وہ کسی رعایت کے مستحق نہیں، میاں مقصود احمد

پرویز مشرف نے آئین کیساتھ کھلواڑ کیا، وہ کسی رعایت کے مستحق نہیں، میاں مقصود احمد
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے سابق ڈکٹیٹر جنرل پرویز مشرف کی گرفتاری کے حوالے سے خصوصی عدالت کے تحریری حکم کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جنرل (ر) پرویز مشرف نے 2 مرتبہ ملکی آئین کیساتھ غداری کی انہیں انٹرپول کے ذریعے گرفتار کرکے پاکستان لایا جائے۔ پرویز مشرف کے وکیل کی جانب سے ملزم کی پیشی کے حوالے سے شرائط کا اظہار کرنا ناقابل فہم اور انتہائی قابل مذمت ہے۔ حکومت کی جانب سے جنرل (ر) پرویز مشرف کا شناختی کارڈ اور پاسپورٹ معطل کرنا ناکافی اقدامات ہیں، سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انہیں قانون کے شکنجے میں لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جنرل پرویز مشرف اس سے قبل بھی متعدد بار پاکستان واپس آنے کا اعلان کر چکے ہیں مگر وہ ہمیشہ مختلف حیلے اور بہانے بنا کر وطن واپس آنے سے گریز کرتے رہے اور اب بالآخر عدالت نے ان کیخلاف فیصلہ دے دیا ہے تو وہ پاکستان آنے کی بات کر رہے ہیں لیکن لگتا یہ ہے کہ وہ خود واپس نہیں آئیں گے بلکہ عدالتی حکم کے مطابق حکومت انہیں انٹرپول کے ذریعے پاکستان لانے کے اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ جنرل پرویز مشرف کے دور میں ملکی آئین و قانون کیساتھ کھلواڑ کیا گیا، اس کی بے توقیری کی گئی لہٰذا وہ کسی بھی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں۔ انہیں اپنے سیاہ کارناموں کا حساب ضرور دینا ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ اب وقت آگیا ہے کہ جنرل پرویز مشرف کو سزا دے کر آئین شکنی کرنیوالوں کو نشان عبرت بنایا جائے۔ غداری کیس میں سابق صدر مشرف کئی برسوں سے ملک سے فرار ہیں اور خود ساختہ جلاوطنی کی زندگی گزار رہے ہیں مگر ان کو واپس لانے کیلئے ماضی میں حکومتی اقدامات مایوس کن رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنرل مشرف کے جرائم کی ایک لمبی لسٹ ہے۔ انہوں نے بلوچستان کے عوام کیساتھ جو سلوک روا رکھا وہ کسی سے ڈھکا چھپا نہیں۔ ملک میں فحاشی و عریانی کا سیلاب لے کر آئے، اہم ایشوز پر پارلیمنٹ کو بائی پاس کیا جاتا رہا، اکبر بگٹی کا قتل کیا، پیسے لے کر ڈاکٹر عافیہ سمیت متعدد افراد کو امریکہ کے ہاتھوں فروخت کیا، ملک میں ایمر جنسی کا نفاذ اور عدلیہ پر شب خون مارا۔ میاں مقصود احمد نے مزید کہا کہ پاکستان کے عوام جنرل پرویز مشرف کو قومی مجرم سمجھتے ہیں اور یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ انہیں جلدازجلد گرفتار کرکے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ جب تک بااثر افراد کا محاسبہ نہیں کیا جائے گا اس وقت تک ملک میں انصاف کا بول بالا نہیں ہو  سکتا۔
خبر کا کوڈ : 712301
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش