0
Friday 18 May 2018 09:22

پشاور میں امن و امان برقرار رکھنے کیلئے سکیورٹی پلان تشکیل

پشاور میں امن و امان برقرار رکھنے کیلئے سکیورٹی پلان تشکیل
اسلام ٹائمز۔ کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے رمضان المبارک میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے جامع سکیورٹی پلان تشکیل دیدیا۔ شہر بھر کے حساس مقامات پر 4 بکتربند گاڑیاں، 30 پولیس موبائل ٹیموں اور 30 اسپیشل رائیڈرز سکواڈ سحر و افطار میں تعینات رہیں گے، جبکہ گنجان آباد علاقوں اور تجارتی بازاروں میں 18 اسپیشل موبائل سکواڈ بھی گشت کریں گے۔ سکیورٹی پلان کے تحت پشاور سٹی اور کینٹ کے بازاروں اور مساجد کی سکیورٹی کیلئے ایس پیز اور ڈی ایس پیز سمیت 3372 پولیس افسران اور اہلکار تعینات کئے جائیں گے، جبکہ نماز اور تراویح کیلئے 783 مساجد کی سکیورٹی الرٹ کرتے ہوئے 1566 اہلکار تعینات ہوں گے۔ رمضان کے دوران کسی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے شہر بھر میں حساس مقامات کی سکیورٹی بڑھانے سمیت شہر میں گھڑ سوار اہلکاروں کے گشت کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

سی سی پی او پشاور کی ہدایت پر رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں شہر بھر میں امن و امان کے قیام اور کسی بھی قسم کے ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے سکیورٹی پلان تشکیل دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں شہر کے تمام داخلی و خارجی راستوں کی سکیورٹی بڑھانے کے ساتھ ساتھ خصوصی ٹیمیں قائم کی گئی ہیں۔ اس ضمن میں ایس ایس پی آپریشن نے واضح کیا کہ رمضان المبارک کے آخری عشرہ میں اندرون شہر گاڑیوں کے داخلہ پر پابندی ہوگی، جبکہ خواتین کے بازاروں میں مرد حضرات کا داخلہ بھی بند ہوگا۔ سی سی پی او کی طرف سے ایس ایس پی ٹریفک کو خصوصی ٹاسک حوالہ کرتے ہوئے ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کیلئے مناسب اقدامات اٹھانے کے ساتھ ساتھ بازاروں کے نزدیک مناسب جگہوں پر پارکنگ کا بندوبست کرنے کے احکامات بھی جاری کر دیئے گئے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 725508
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش