0
Friday 18 May 2018 14:13

خیبر پختونخوا میں دہشتگرد ایک بار پھر منظم ہو رہے ہیں، میاں افتخار حسین

خیبر پختونخوا میں دہشتگرد ایک بار پھر منظم ہو رہے ہیں، میاں افتخار حسین
اسلام ٹائمز۔ عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری میاں افتخار حسین نے سول ہسپتال اور سی ایم ایچ نوشہرہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے نوشہرہ میں خودکش حملے میں زخمی ہونے والوں کی عیادت کی۔ اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے میاں افتخار حسین نے کہا کہ ہم دہشت گرد حملوں کی شدید مذمت کرتے ہیں اور اس واقعے میں زخمی ہونے والے جوانوں کی جلد صحت یابی کے متمنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلے بھی اس بات کی نشاندھی کی تھی اور اب بھی کہہ رہے ہیں کہ 20 نکاتی ایجنڈے پر تاحال عمل نہیں ہو سکا ہے۔ دوسری طرف خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت دہشت گردوں سے نمٹنے کے بجائے اپنے ذاتی مفادات کے حصول میں مصروف ہے، وزیراعلٰی اور ان کے وزراء کو کوئی فکر ہی لاحق نہیں کہ اس صوبے میں دہشت گرد ایک بار پھر منظم ہو رہے ہیں۔ میاں افتخار حسین کا مزید کہنا تھا کہ ان کی بے فکری ان کا یہ زعم ہے کہ ان کے دور میں دھماکے نہیں ہوئے، لیکن اس کی اصلی وجہ یہ ہے کہ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے دہشت گردوں کو کبھی چیلنج ہی نہیں کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ لوگ دہشت گردوں کے مخالف نہیں ہیں بلکہ ان کے دوست ہیں، مرکزی حکومت اور تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کا یہ حال ہے کہ ان کی ساری توجہ وزیراعظم کی کرسی پر مرکوز ہے اور ان کی اس باہم لڑائی نے عوام کو دہشت گردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے، جو کہ ایک ناکام ریاست کا منہ بولتا اور بڑا ثبوت ہے۔ میاں افتخارحسین نے کہا کہ جب ہماری حکومتوں نے دہشت گردوں کی سپورٹ جاری رکھی تو پشاور کے این اے 4 اور پنجاب کے کئی علاقوں سے ان دہشت پسندوں نے انتخابات میں حصہ لیا اور اس کی وجہ یہ ہے کہ وہ بندوق اور گولی سے ہمارا مقابلہ نہ کر سکے، لہٰذا وہ پارلیمنٹ پر قابض ہونا چاہتے ہیں تاکہ آئین و قانون میں من پسند تبدیلیاں لاکر اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کیلئے راہ ہموار کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کو مل کر ایسے عناصر کے خلاف آواز اٹھانی چاہیئے اور دہشت گردوں کے درمیان گُڈ اور بیڈ کی تمیز کا چکر چھوڑ کر اس ملک اور قوم کے وسیع تر مفاد میں سب کے خلاف بِلاامتیاز کارروائی کیلئے متحد ہو جائیں۔
خبر کا کوڈ : 725544
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش