اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ (ن) کی رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر نادیہ عزیز نے تحریک انصاف میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق انتخابات 2018ء سے قبل سیاسی جوڑ توڑ کا سلسلہ زور و شور سے جاری ہے اور اس میں تحریک انصاف مخالفین کی 100 وکٹیں گرا کر سرفہرست ہے۔ پی ٹی آئی میں دیگر جماعتوں کے رہنماؤں کی شمولیت کا سلسلہ ابھی بند نہیں ہوا بلکہ پی ٹی آئی کی مخالف جماعتوں کے منحرف ارکان قومی و صوبائی اسمبلی تواتر کے ساتھ تحریک انصاف میں شامل ہو رہے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے سرگودھا پی پی 34 سے کامیابی حاصل کرنے والی رکن صوبائی اسمبلی نادیہ عزیز نے بھی اپنی جماعت کو خیرباد کہہ کر تحریک انصاف کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے بنی گالہ اسلام آباد میں پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین سے ملاقات کی، جس میں انہیں پی ٹی آئی میں شمولیت کی دعوت دی گئی۔ نادیہ عزیز نے عمران خان سے ملاقات کے بعد تحریک انصاف میں شمولیت کا باضابطہ اعلان کر دیا۔