اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق خان نے کہا ہے کہ کشن گنگا ڈیم متنازعہ ہے، بھارت کے غیر قانونی اقدام کے خلاف تمام عالمی فورموں سے رجوع کیا جائیگا۔ مقبوضہ کشمیر پر اپنے غیر قانونی قبضے کو طول دینے کے لئے بھارت نے معاشی اور اقتصادی سراب پیدا کرنے کی کوشش کی ہے مگر کشمیری عوام نے مودی کی بغل میں چھری منہ میں رام رام کے دوغلے پن کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی وزیر کیڈ طارق فضل چوہدری سے ملاقات اور ایک نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ کشمیر کے معاملے پر تمام پاکستانی سیاسی جماعتیں متفقہ موقف کا اظہار کریں اور اپنے منشور میں شامل کریں اور اس حوالے سے مکمل یکجہتی دکھائیں۔ وادی کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔