0
Wednesday 20 Jun 2018 23:43

حافظ نعیم الرحمن کی ایم ڈی واٹر بورڈ سے ملاقات، پانی کی منصفانہ تقسیم کا مطالبہ

حافظ نعیم الرحمن کی ایم ڈی واٹر بورڈ سے ملاقات، پانی کی منصفانہ تقسیم کا مطالبہ
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں جماعت اسلامی کے ایک وفد نے واٹر بورڈ کے ہیڈ آفس میں ایم ڈی واٹر بورڈ خالد محمود شیخ سے ملاقات کی اور شہر بھر میں پانی کی عدم فراہمی و غیر منصفانہ تقسیم، لائینوں میں رساؤ کے مسائل اور بالخصوص ضلع غربی اورنگی ٹاؤن، بلدیہ ٹاؤن، شیر شاہ، میٹرویل، فرنٹیئر کالونی میں پانی کی قلت اور غیر منصفانہ تقسیم کے حوالے سے آگاہ کیا۔ ملاقات میں ڈی ایم ڈی واٹر بورڈ اسد اللہ خان بھی موجود تھے جبکہ وفد میں امیر جماعت اسلامی ضلع غربی عبد الرزاق خان، سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری، پبلک ایڈ کمیٹی جماعت اسلامی کراچی کے جنرل سکریٹری نجیب ایوبی، ممبر عمران شاہد، یوسی چیئرمین عبد الصمد خان، عبد القیوم خان، نواز خان، جماعت اسلامی اورنگی کے ناظم مدثر انصاری اور دیگر بھی موجود تھے۔ حافظ نعیم الرحمن نے ایم ڈی واٹر بورڈ سے مطالبہ کیا کہ شہر میں پانی کے بحران کو فوری طور پر حل کیا جائے، ویسے تو پورا شہر متاثر ہے جہاں پانی نہیں لیکن سب زیادہ ڈسٹرکٹ ویسٹ متاثر ہے جہاں پانی کی ایک بوند میسر نہیں، ڈسٹرکٹ ویسٹ کو پانی کا اضافی کوٹہ دیا جائے اور شہر میں پانی کی تقسیم کو منصفانہ بنایا جائے۔ ایم ڈی واٹر بورڈ خالد محمود شیخ نے جماعت اسلامی کے وفد کا خیر مقدم کیا اور مسائل کے حل کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ جن امور پر توجہ دلائی ہے ہم اپنے عملے کے ساتھ میٹنگ کریں گے اور ترجیحی بنیادوں پر مسائل حل کریں گے اور پانی کی صورتحال کو بہتر بنایا جائے گا۔

ملاقات کے بعد حافظ نعیم الرحمن نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پانی کی قلت اور غیر منصفانہ تقسیم کے حوالے سے ضلع غربی میں مظاہرے کئے جارہے ہیں، شہر بھر میں پانی کی عدم فراہمی اور غیر منصفانہ تقسیم کے خلاف جماعت اسلامی نے رمضان المبارک میں ایم ڈی واٹر بورڈ کے ہیڈ آفس کے باہر دھرنا دیا اور وہیں پر افطاری اور تراویح بھی ادا کی، ایم ڈی واٹر بورڈ نے مسئلے کے حل کی یقین دہانی کرائی تھی لیکن اس کے باوجود صورتحال میں بہتری کے بجائے مزید خرابی پیدا ہوتی جارہی ہے جس سے شہری شدید ذہنی و جسمانی اذیت کا شکار ہیں۔ شہر میں اکثر مقامات پر احتجاجی مظاہرے اور ٹائر جلا کر روڈ بلاک کئے جارہے ہیں جس سے امن و امان کی صورتحال خراب ہوتی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 3 دن سے اورنگی ٹاؤن 5 نمبر بند کیا ہوا ہے، عوام پانی کی عدم فراہمی کے خلاف احتجاج کررہے ہیں، اگر پانی کا مسئلہ حل نہ ہوا تو امن و امان کی صورتحال کی خرابی کی ذمہ داری واٹر بورڈ کی انتظامیہ پر عائد ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ شہر بھر میں بڑے پیمانے پر پانی کے رساؤ اور غیر منصفانہ تقسیم کا مسئلہ ہے، بعض مقامات پر مہینوں اور بعض میں ہفتوں میں پانی فراہم کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے کارکنان پانی کی ترسیل کے حوالے سے مانیٹرنگ کررہے ہیں، اگر 3 دن تک پانی کا مسئلہ حل نہ ہوا تو بھرپور احتجاج کیا جائے گا اور اس حوالے سے اتوار کو بنارس چوک پر عوامی پریس کانفرنس میں لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا، کراچی کے شہری پانی کے برتنوں میں پانی کی بھیگ مانگنے پر مجبور ہیں، ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی نے اپنی نااہلی اور بددیانتی کے باعث کراچی کے شہریوں کو پانی کے لئے ترسا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ الیکشن میں عوام ان پارٹیوں کو مسترد کردیں گے جنہوں نے 30 سال برسر اقتدار رہنے کے باوجود کراچی کے شہریوں کے لئے پانی کا مسئلہ حل نہیں کیا۔
خبر کا کوڈ : 732598
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش