0
Tuesday 26 Jun 2018 20:44

خواتین کیلئے بھارت دنیا کا خطرناک ترین ملک، بین الاقوامی ماہرین کے سروے میں سنسنی خیز انکشاف

خواتین کیلئے بھارت دنیا کا خطرناک ترین ملک، بین الاقوامی ماہرین کے سروے میں سنسنی خیز انکشاف
اسلام ٹائمز۔ بین الاقوامی ماہرین کی جانب سے دنیا بھر میں خواتین کو درپیش مسائل کے حوالے سے کیے گئے ایک سروے میں یہ انکشاف سامنے آیا ہے کہ جنسی استحصال اور جبری مشقت کے لحاظ سے بھارت خواتین کے لئے دنیا کا سب سے خطرناک ملک ہے۔ ’’تھامس رائٹرز فاؤنڈیشن‘‘ نامی ادارے کی جانب کئے گئے اس سروے میں پانچ سو پچاس ماہرین نے حصہ لیا۔ سروے کے نتیجے میں یہ بات سامنے آئی کہ خواتین کے خلاف جنسی زیادتی کے واقعات، گھریلو کاموں کے لئے خواتین کی خرید و فروخت، جبری مشقت، زبردستی شادیاں اور جنسی غلامی کے حوالے سے بھارت دنیا کا سب سے غیر محفوظ ملک ہے۔ تفصیلی سروے میں تقافتی طور پر رائج رسومات کے خواتین پر مرتب ہونے والے اثرات، تیزاب گردی کے واقعات، کم عمر کی شادیاں اور جسمانی تشدد کے عوامل کو بھی ملحوظ خاطر رکھا گیا۔

سروے میں افغانستان کو دوسرے نمبر جبکہ شام کو خواتین کے لئے دنیا کا تیسرا خطرناک ترین ملک قرار دیا گیا، جبکہ اولین دس ممالک میں صرف ایک مغربی ملک امریکا شامل ہے جو دنیا کے دسویں خطرناک ترین ملک کے طور پر سامنے آیا۔ خیال رہے کہ 2011ء میں اسی قسم کے کئے گئے سروے میں افغانستان پہلے جبکہ پاکستان اور بھارت بالترتیب تیسرے اور چوتھے نمبر پر موجود تھے۔ ماہرین کے مطابق حالیہ سروے میں انڈیا کا دنیا میں خواتین کے لحاظ سے خطرناک ملک قرار پانا اس بات کا عکاس ہے کہ حکومتی سطح پر خواتین کو درپیش خطروں سے نمٹنے کے خاطر خواہ اقدامات نہیں کئے گئے، جبکہ نئی دہلی میں پانچ سال قبل بس میں ایک طالبہ کی آبروریزی اور قتل کے بعد ملک میں خواتین کے خلاف جنسی استحصال کو قومی ترجیحات میں شامل کیا گیا تھا۔

اس حوالے سے کرناٹک کے ایک حکومتی عہدیدار منجوناتھ گندھارا کا کہنا تھا کہ بھارت میں خواتین کو انتہائی بدسلوکی اور توہین کا سامنا ہے، آبروریزی، جنسی استحصال، جنسی طور پر ہراساں کئے جانے کے واقعات بغیر کسی توقف کے جاری ہیں، تاہم بھارت کی وزارت برائے خواتین اور چائلڈ ڈیولپمنٹ نے سروے کے نتائج پر تبصرے سے انکار کردیا۔ سروے میں شامل ایک امریکی ماہر کا کہنا تھا کہ افغانستان میں جاری جنگ اور تنازعات میں آنے والی شدت کے سبب خواتین اور بچیوں کی زندگیوں کو خطرات لاحق ہیں جو دنیا کے دوسرے خطرناک ملک کے درجے پر فائز ہے۔ اس ضمن میں افغانستان کے صحت عامہ کے وزیر فیروزالدین فیروز کا کہنا تھا کہ ملک میں سکیورٹی کی ابتر صورتحال کے باعث خواتین کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے
۔
خبر کا کوڈ : 733782
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش