0
Thursday 12 Jul 2018 03:27

عمران خان اور نواز شریف آج بھی طالبان اور دہشتگردوں کے حامی ہیں، نثار کھوڑو

عمران خان اور نواز شریف آج بھی طالبان اور دہشتگردوں کے حامی ہیں، نثار کھوڑو
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ عمران خان اور نواز شریف آج بھی طالبان اور دہشتگردوں کے حامی ہیں جو دہشتگردوں اور دہشتگردی کے خلاف کھلم کھلا بات کرنے سے انکاری ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاڑکانہ میں مقامی مقامات پر کارنر میٹنگز اور جعفری امام بارگاہ میں علامہ قمر عباس نقوی کی جانب سے پیپلز پارٹی کی حمایت کرنے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نثار احمد کھوڑو کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی دہشتگردی کا شکار رہی ہے اور شہید بے نظیر بھٹو سمیت سینکڑوں کارکنان دہشتگردی کے باعث جانوں کے نذرانے دے چکے، پیپلز پارٹی دہشتگردوں اور دہشتگردی کے خلاف آواز اٹھاتی رہے گی، حق و باطل کی جنگ میں فتح حق کی ہی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کے والہانہ استقبال کے خوف سے پیپلز پارٹی کی قیادت کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، ایسے حربے استعمال کرکے عوام کو بدظن کرنے کی کوشش کی جارہی ہے لیکن پیپلز پارٹی کسی بھی صورت میں میدان خالی نہیں چھوڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں عوام کو ہی رائے دینی ہوگی اور آخری فیصلہ ووٹرز کو ہی کرنا ہوتا ہے کہ ووٹر کسے ووٹ کرتے ہیں اور پیپلز پارٹی کو عوام پر اعتماد ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب ضابطہ اخلاق سخت بنائے جائیں تو انتخابی مہم پر اثر پڑے گا جس کے لئے تمام جماعتوں کو انتخابی مہم آزاد طریقے سے چلانے کا حق حاصل ہونا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ جو لاڑکانہ کی لاہور سے ترقیاتی کاموں میں مشابہت کررہے ہیں ان کے سامنے لاہور کی بارش میں لاہور کی ترقیاتی کاموں کا پول کھل کر سامنے آچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سختیاں برداشت کرنا پیپلز پارٹی کے لئے نئی بات نہیں، ماضی میں شہید بے نظیر نے جیل میں بھی برف واپس کردی تھی، نواز شریف مچھروں کے خوف سے آمر سے معاہدہ کرکے ملک سے فرار ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں پیپلز پارٹی مخالفین کے پاس عوام کے لئے کوئی بھی پروگرام نہیں، جس کے لئے سندھ کے عوام ایسے منافقوں کا کبھی ساتھ نہیں دیں گے، ہم شہدا کا علم اٹھاکر بلاول بھٹو زرداری کے ہاتھ مضبوط کرنے نکلے ہیں۔ اس موقع پر نثار احمد کھوڑو نے یکہ توت کے علاقے میں اے این پی کے شہید بشیر بلو کے بیٹے ہارون بلور اور کارکنان کی خودکش حملے میں شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت پسندوں پر دہشتگردوں کے حملے ایک بڑی سازش ہے۔ دوسری جانب کارنر میٹنگس میں جی ڈی اے رہنما اسحاق کھاوڑ نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا جبکہ اہل تشیع عالم دین علامہ قمر عباس نقوی کی جانب سے لاڑکانہ ضلع میں پیپلز پارٹی کی حمایت کا بھی اعلان کیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 737261
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش