0
Sunday 22 Jul 2018 21:35

ڈی آئی خان خودکش حملہ، تحقیقات کیلئے کمیٹی تشکیل، انتظامیہ سے رپورٹ طلب

ڈی آئی خان خودکش حملہ، تحقیقات کیلئے کمیٹی تشکیل، انتظامیہ سے رپورٹ طلب
اسلام ٹائمز۔ نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا جسٹس (ر) دوست محمد خان نے ڈیرہ اسماعیل خان میں سابق صوبائی وزیر اکرام ﷲ خان گنڈا پور پر ہونے والے خود کش دھماکے کی تحقیقات کیلئے ایک اعلیٰ سطحی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دیدی ہے جبکہ اس ضمن میں ڈی آئی خان انتظامیہ سے 12 گھنٹے کے اندر وقوعہ کی جامع رپورٹ بھی طلب کی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق نگران وزیر اعلیٰ نے اکرام اللہ خان گنڈا پور پر ہونے والے خودکش حملے کی تحقیقات کے لئے کاونٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ کے سربراہ کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دیدی ہے جس میں ایس پی، ایس ایس پی ہیڈکوارٹر، ڈی ایس پی انوسٹی گیشن کے علاوہ انٹیلی جنس بیورو (آئی بی)، آئی ایس آئی اور ملٹری انٹیلی جنس (ایم آئی) کے نمائندے شامل ہیں۔ نگران وزیراعلیٰ نے کمیٹی کو تیز رفتار تحقیقات کرنے اور ہر حوالے سے مکمل رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں معلوم ہونا چاہیئے کہ کون سے مہرے کس کے اشارے پر انارکی پھیلا رہے ہیں اور الیکشن کو سبوتاژ کرنے کی مذموم کوشش میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ان مذموم حرکتوں کے پیچھے مقاصد کی تشخیص کرنی ہے اور مجرموں کو انجام تک پہنچانا ہے۔ دریں اثناء نگران وزیر اعلیٰ نے ڈی آئی خان انتظامیہ سے 12 گھنٹے کے اندر وقوعہ کی جامع رپورٹ طلب کی ہے تاکہ یہ معلوم کیا جاسکے کہ کیا شہید اکرام اللہ خان گنڈا پور کو جو سیکیورٹی فراہم کی گئی تھی وہ وزیراعلیٰ کی جاری کردہ ہدایات کی رو سے کافی تھی یا نہیں اور یہ بھی معلوم کیا جاسکے کہ سیکیورٹی اہلکاروں کی موجودگی میں خود کش بمبار کیوں اور کیسے اُن کی جیپ کے قریب پہنچا اور مجوزہ احتیاطی تدابیر کیوں اختیار نہیں کی گئیں۔ اُنہوں نے ڈیوٹی پر مامور سیکیورٹی اہلکاروں کی مکمل فہرست فوری طور پر پرنسپل سیکرٹری برائے وزیراعلیٰ کو ارسال کرنے کی بھی ہدایت کی۔
خبر کا کوڈ : 739559
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش