0
Sunday 29 Jul 2018 21:28

کشمیر ایک واحد ریاست ہے جس سرزمین پر اقوامِ متحدہ کے فوجی مبصرین موجود ہیں، حریت کانفرنس (گ)

کشمیر ایک واحد ریاست ہے جس سرزمین پر اقوامِ متحدہ کے فوجی مبصرین موجود ہیں، حریت کانفرنس (گ)
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارتی وزیراعظم کے دفتر سے منسلک وزیر مملکت ڈاکٹر جتندر سنگھ کی طرف سے مسئلہ کشمیر کی زندہ حقیقت سے نابلد ہونے یا پھر جان بوجھ کر شُتر مرغ کی طرح آنکھیں بند کرکے مسئلہ کشمیر کی حقیقت کے سامنے اعتراف شکست کا برملا اعلان قرار دیا۔ حریت کانفرنس (گ) کے ترجمان نے بھاجپا لیڈر کی طرف سے صحافی برادری کو کشمیر کے ساتھ لفظ "مسئلہ" حذف کرنے کے لئے حکومتی دھونس دباؤ استعمال کرنے کو ان کی طرف سے ایک ناکام کوشش قرار دیتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر اس وقت بھی اقوامِ متحدہ کے میز پر ایک حل طلب مسئلے کی صورت میں زندہ موجود ہے اور یہ کارِ خیر خود بھارت کے ہاتھوں انجام پذیر ہوا ہے۔

کل جماعتی حریت کانفرس (گ) کے ترجمان نے کہا کہ کشمیر ایک واحد ریاست ہے جس کی سرزمین پر اقوامِ متحدہ کے فوجی مبصرین اس وقت بھی موجود ہیں، کیونکہ اسے بین الاقوامی سطح پر ایک متنازعہ ریاست کے طور تسلیم کیا جا چُکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان ٹھوس حقائق کی روشنی میں بھاجپا لیڈر سے پوچھا جا سکتا ہے کہ وہ کس تناظر میں ریاست جموں کشمیر کو بھارت کی دیگر ریاستوں کے ساتھ مشابہ قرار دینے کی ڈینگیں مار رہا ہے، جبکہ کشمیر کے عوام پچھلے ستر برسوں سے حقِ خودارادیت کا مطالبہ کرتے آرہے ہیں اور بھارت کی آٹھ لاکھ قابض افواج کے علاوہ لاکھوں کی تعداد میں دیگر نیم فوجی دستے اور پولیس ٹاسک فورس ان کے اس جائز مطالبے کو دبانے کے لئے جنگی حالت میں موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل میں مزید تاخیر نہ صرف برصغیر، بلکہ امن عالم کے لئے بھی ایک سنگین خطرہ بنا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ بھارت اپنے عوام کو ان جھوٹی تسلیوں سے بےخبر رکھنے کی بجائے مسئلہ کشمیر کو اس کے تاریخی تناظر میں حل کے لئے حقیقت پسندی کا اظہار کرے۔ حریت کانفرنس (گ) کے ترجمان نے کشمیر کی قابض انتظامیہ کے ہاتھوں یہاں کی نوجوان نسل کو پشت بہ دیوار کئے جانے کی ظالمانہ اور آمرانہ کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس انتظامیہ کی طرف سے یہاں کے عام نوجوانوں کے خلاف من گھڑت الزامات کے تحت ایف آئی آر درج کرکے ان کے خلاف بدنامِ زمانہ پبلک سیفٹی ایکٹ کی کُند چھری کو استعمال کرنے کی مہم کو تیز تر کردیا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 741002
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش