0
Friday 3 Aug 2018 16:47

تحفظات کے باوجود عوامی مینڈیٹ کا احترام کرتے اور جمہوری سسٹم کی مضبوطی چاہتے ہیں، اسداللہ بھٹو

تحفظات کے باوجود عوامی مینڈیٹ کا احترام کرتے اور جمہوری سسٹم کی مضبوطی چاہتے ہیں، اسداللہ بھٹو
اسلام ٹائمز۔ نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان و سابق ایم این اے اسداللہ بھٹو نے کہا ہے کہ 2018ء کے انتخابات پر تمام تر تحفظات کے باوجود عوامی مینڈیٹ کا احترام کرتے اور جمہوری سسٹم کی مضبوطی چاہتے ہیں، ہمارا گلہ جیتنے والے امیدواروں سے نہیں بلکہ الیکشن کمیشن سے ہے، جو پرامن اور ماضی کے مقابلے میں بہتر انتظامات کرنے کے باوجود عوامی مینڈیٹ کی حفاظت کرنے میں ناکام ثابت ہوا، ہم نئی حکومت کی مخالفت برائے مخالفت نہیں بلکہ اچھے کاموں کی بھرپور حمایت کریں گے لیکن جہاں بھی اسلام، نظریہ پاکستان اور جمہوری اقدار کے خلاف کوئی اقدام ہوا بھرپور احتجاج کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سہراب گوٹھ، لاسی گوٹھ اور ایوب گوٹھ میں معززین سے ملاقات اور اجتماعات سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر انہوں نے انتخابات میں بھرپور حمایت پر عوام کا شکریہ ادا اور انہیں آئندہ بھی ساتھ لیکر چلنے کا عزم کیا۔ اس موقع پر یونس بارائی، مقصود ملک، عبدالستار برفت، افضل خان محسود و دیگر بھی موجود تھے۔

اسداللہ بھٹو نے مزید کہا کہ نظریاتی کارکن کبھی بھی حالات سے مایوس نہیں ہوتے بلکہ اگلے مرحلے کیلئے مزید نئے عزم و حوصلے کے ساتھ آگے بڑھتے ہیں، انتخابات میں فتح و شکست جماعت اسلامی کیلئے کوئی نئی بات نہیں ہے، کارکنان نے جذبہ و ہمت سے دن رات مہم چلائی اور قوم کے سامنے دین دار و دیانت دار قیادت بھی پیش کی، جمہوری سسٹم میں ملک میں تبدیلی کا واحد ذریعہ انتخابات ہی ہیں، انشاء اللہ جماعت اسلامی ملک میں اصلاح معاشرہ، شریعت کے نفاذ اور ملک کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کیلئے اپنی جدوجہد کرتی رہے گی۔
خبر کا کوڈ : 742173
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش