0
Wednesday 15 Aug 2018 01:42

ملک بھر کی طرح گلگت بلتستان بھر میں یوم آزادی قومی جذبے کے ساتھ منایا گیا

ملک بھر کی طرح گلگت بلتستان بھر میں یوم آزادی قومی جذبے کے ساتھ منایا گیا
اسلام ٹائمز۔ ملک بھر کی طرح گلگت بلتستان بھر میں یوم آزادی پاکستان پورے قومی جذبے سے منایا گیا۔ اس سلسلے میں جی بی کے تمام اضلاع کے ہیڈکواٹرز میں پرچم کشائی اور تمام تعلیمی اداروں میں یوم آزادی پاکستان کی رنگارنگ تقریبات منعقد ہوئیں۔ مختلف سکولوں میں یوم آزادی پاکستان کے حوالے سے تقریری اور ملی نغموں کے شاندار مقابلے بھی ہوئے۔ اسکردو میں سب سے اہم تقریب یادگار شہداء پہ ہوئی، جہاں سنیئر صوبائی وزیر حاجی محمد اکبر تابان اور کمشنر بلتستان نے پرچم کشائی کی اور یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر حاجی فدا محمد ناشاد نے کہا کہ یوم آزادی پاکستان کو تجدید عہد کے طور پر منانے کی ضرورت ہے، پاکستان کو آزاد کرانے میں برصغیر کے مسلم اکابرین نے مسلسل جہدو جہد کے بعد اس ملک کو آزاد کرایا تھا اور آج ہم سب کو آزادی کی نعمت حاصل ہے۔ 

جشن آزادی پاکستان کے حوالے سے 14 اگست کی صبح تمام مساجد میں تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام نے نماز فجر کے بعد ملک کی سلامتی، خوشحالی اور ترقی کے لئے خصوصی دعائیں کیں اور امت مسلمہ کے مابین اتفاق، اتحاد اور بھائی چارگی کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ بوائز ڈگری کالج اسکردو، خواتین کالج سکردو اور آرمی پبلک سکول و کالج اسکردو میں شاندار یوم آزادی کی تقریبات منعقد ہوئیں۔ بزم علم و فن سکردو کی طرف سے ایوان اقبال میں بھی نذر وطن کے حوالے سے کل پاکستان محفل مشاعرہ ہوا۔ یوم آزادی پاکستان کے حوالے سے مقپوں پولو گراونڈ اسکردو میں شاندار پولو میچ کا انعقاد کیا گیا۔ پولو میچ کے دوران علاقائی، ثقافتی کلچرل پروگرموں کا انعقاد کیا گیا۔ جشن آزادی کے حوالے سے تمام سرکاری اور نیم سرکاری عمارتوں پر سبز ہلالی پرچم لہرایا گیا اور رات کو زبردست چراغاں بھی کیا گیا۔ پاک فوج اور ضلعی انتظامیہ کی طرف سے میونسپل گراونڈ اسکردو میں تیسرے روز بھی نمائش جاری ہے، جہاں لوگوں کی بڑی تعداد نمائش کو دیکھ رہی ہے۔
 
خبر کا کوڈ : 744668
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش