0
Monday 20 Aug 2018 15:56

گستاخانہ خاکے، پشاور میں اہل نوتھیہ کا احتجاج، گستاخ کا پتلا نذرآتش

گستاخانہ خاکے، پشاور میں اہل نوتھیہ کا احتجاج، گستاخ کا پتلا نذرآتش
اسلام ٹائمز۔ ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کی نمائش کیخلاف اہالیان علاقہ نوتھیہ جدید و قدیم نے احتجاجی جلسہ اور مظاہرہ کیا اور گستاخ رسول کا پتلا نذرآتش کیا۔ اس موقع پر مظاہرین کا مطالبہ تھاکہ گستاخانہ خاکوں کی نمائش کو روکنے کیلئے فی الفور اقدامات کئے جائیں۔ بین الاقوامی سطح پر قانون سازی کرکے گستاخ رسول کیلئے سزائے موت مقرر کی جائے۔ احتجاجی جلسے سے جامع مسجد زیارت لیونے بابا کے سجادہ نشین سید اقبال شاہ، جامع مسجد بابا صاحب پڑانگ کے خطیب مولانا حبیب اللہ چشتی، قاری فضل الرحمٰن نوری، اورنگزیب خان اور قاری داؤد نے خطاب کیا جبکہ نامور بین الاقوامی نعت خواں شہزاد مجید نے ہدیہ نعت پیش کیا، احتجاجی جلسے میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی، جنہوں نے ہالینڈ کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔ ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں ہالینڈ مخالف نعرے درج بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔

اس موقع پر مقررین نے کہاکہ ہالینڈ میں توہین رسالت کے مرتکب ڈچ رکن پارلیمنٹ گیرٹ ولڈ کی جانب سے ایک بار پھر توہین رسالت کی شرانگیز مہم شروع کئے جانے پر پوری اسلامی دنیا میں تشویش اور اضطراب کی لہر دوڑ گئی ہے اور دنیا بھر کے مسلمان اس نفرت آمیز مہم کے خلاف سراپا احتجاج ہیں، مگر توہین رسالت کے مذموم تسلسل کو روکنے کیلئے مسلم حکمرانوں کی جانب سے کسی بیداری یا پیرمندی کے آثار نظر نہیں آتے، مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہاکہ ہالینڈ نے گستاخانہ خاکوں سے پورے عالم اسلام کو دکھ پہنچایا ہے۔ اس موقع پر متفقہ قرارداد کے ذریعے مطالبہ کیا گیا کہ حکومت وقت فی الفور ہالینڈ سے سفارتی تعلقات منقطع کرے اور گستاخ رسول کیلئے عالمی سطح پر قانون سازی کرکے سزائے موت مقرر کی جائے۔

مقررین نے کہاکہ ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کی نمائش کا مقصد امت مسلمہ کی دل آزاری ہے، جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، نبی کریم کی شان میں گستاخی پر اسلامی ممالک کی خاموشی افسوسناک ہے۔ اسلامی ممالک خاص کر پاکستانی حکمران غیرت اسلامی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نمائش کو رکوانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ مسلمان ہر ظلم برداشت کرسکتے ہیں لیکن ناموس رسالت پر آنچ نہیں آنے دینگے۔ مقررین نے حکومت وقت سے مطالبہ کیاکہ فوری طور پر ہالینڈ کیساتھ سفارتی تعلقات منقطع کئے جائیں اور اپنے سفیر کو واپس بلاکر ہالینڈ کے سفیر کو فوری طور پر ملک بدر کیا جائے، بصورت دیگر ناموس کی حفاظت کیلئے احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائیگا۔
خبر کا کوڈ : 745582
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش