0
Monday 20 Aug 2018 22:03

کشمیری قیدیوں کی مسلسل گرفتاری تشوشناک ہے، سید علی گیلانی

کشمیری قیدیوں کی مسلسل گرفتاری تشوشناک ہے، سید علی گیلانی
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر کل جماعتی حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین سید علی شاہ گیلانی نے کہا کہ سماج میں ظالم سے ظالم حکمران بھی کسی بھی قوم کے مذہبی تہوار کے موقعے پر قیدیوں کو رہا کرنے کے احکامات صادر کرتے ہوئے انسانی اقدار کے تئیں احترام کا ثبوت فراہم کرتے آئے ہیں، لیکن دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کا دعوی کرنے اور 36 انچ کی چھاتی کا دم بھرنے والے بھارت کے ارباب اقتدار کی طرف سے جموں کشمیر میں عید الاضحی کے مقدس موقعے پر بھی عام لوگوں اور حریت پسند راہنماوں کو نہ صرف گرفتار کرکے قیدخانوں میں پابند سلاسل کیا جاتا ہے، بلکہ انہیں جسمانی تشدد کا نشانہ بنائے جانے اور گھروں کو مسمار کرکے لوگوں کو بے گھر بنائے جانے میں شرم محسوس نہیں کی جاتی ہے۔

حریت کانفرنس کے سینئر رہنماؤں محمد یوسف فلاحی، محمد حسین وگے اور ظہور احمد بٹ کا تذکرہ کرتے ہوئے حریت کانفرنس (گ) کے چیرمین نے کہا کہ ان کو 2016ء کی عوامی تحریک کے دوران گرفتار کیا گیا تھا۔ ان پر عائد کیا گیا پانچواں پبلک سیفٹی ایکٹ کو کالعدم کئے جانے کے باوجود ان پر چھٹی بار ایک اور پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کرکے عید الاضحی کے عین موقعے پر سرینگر سینٹرل جیل منتقل کر کے پابند سلاسل کیا گیا۔ حریت رہنما سید علی گیلانی نے قابض انتظامیہ کی اس بے رحمانہ اور ظالمانہ کارروائی کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ریاست جموں کشمیر میں لاقانونیت اور انسانی اقدار کو روندنے کی اس سے بڑھ کر اور کیا مثال دی جا سکتی۔

حریت رہنما سید علی شاہ گیلانی نے کشمیر اور کشمیر کی باہری جیل خانوں میں بالعموم اور ڈسٹرکٹ جیل ادھمپور میں بالخصوص جیل حکام کی طرف سے محبوسین کو جسمانی تشدد کا نشانہ بنائے جانے اور قیدیوں کے حقوق کو پامال کرنے کی ظالمانہ کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ جیل میں قیدیوں کی طرف سے حکام بالا کی نوٹس میں شکایت درج کرنے کے باوجود جیل حکام اپنی ظالمانہ حرکتوں سے اجتناب نہیں کر رہے ہیں جو کہ قیدیوں کے حقوق پر شب خون مارنے کے مترادف ہے۔ حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین سید علی گیلانی نے تہاڑ جیل میں محبوسین کی حالت زار پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ جیل حکام قیدیوں کے ساتھ سیاسی انتقام گیری کو ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کی غلط فہمی میں مبتلا ہیں۔
خبر کا کوڈ : 745600
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش