0
Tuesday 28 Aug 2018 14:46

گستاخانہ خاکوں کیخلاف راجن پور میں مظاہرہ، ہالینڈ کیخلاف نعرے بازی

گستاخانہ خاکوں کیخلاف راجن پور میں مظاہرہ، ہالینڈ کیخلاف نعرے بازی
اسلام ٹائمز۔ ہالینڈ کی جانب سے گستاخانہ مواد اور انٹرنیٹ لنک کے خلاف راجن پور کے شہریوں نے ختم نبوت  چوک پر مظاہرہ کیا اور ریلی نکالی، مظاہرین کی ہالینڈ کے خلاف شدید نعرے بازی، ہالینڈ کی مصنوعات کا بائیکاٹ کرنے اور ہالینڈ سے تجارتی وسفارتی تعلقات منقطع کرنے سمیت سفارت کاروں کو ملک بدر کرنے کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق عالمی تحفظ ختم نبوت راجن پور کے ضلعی امیر جلیل الرحمن صدیقی، ممبر صوبائی امن کمیٹی قاری نورالحسن رحیمی، مشتاق احمد رضوی سمیت علما کرام، مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے شہریوں نے کثیر تعداد میں اس مظاہرہ میں شرکت کی۔ مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہالینڈ کے سیاستدان نے مسلم امہ کے جذبات مجروح کئے ہیں، دنیا کی عظیم ترین ہستی کی توہین نعوذ باللہ قطعا برداشت نہیں کرسکتے، ہالینڈ کے ساتھ فی الفور تجارتی اور سفارتی تعلقات منقطع کئے جائیں، آقائے نامدار کی حرمت پر مسلمان خاموش نہیں رہ سکتا، مر سکتا ہے، گردن کٹوا سکتا ہے مگر وہ خاموش رہتا ہے تو پھر مسلمان اور آخری نبی  کا اُمتی اپنے آپ کو نہیں کہلوا سکتا، اس لئے ہم حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فی الفور ہالینڈ کی حکومت کو باور کرایا جائے اور اس سے تمام تعلقات منقطع کئے جائیں، اس کی مصنوعات کا شہری بائیکاٹ کریں، احتجاجی مظاہرہ کے دوران شرکاء نے بینرز اٹھا رکھے تھے۔ جبکہ اس موقع پر ہالینڈ کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی گئی۔
خبر کا کوڈ : 746694
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش