0
Wednesday 12 Sep 2018 21:39

پاراچنار، جیل میں قبائلی سردار کی موت پر قبائل کا احتجاجی مظاہرہ

پاراچنار، جیل میں قبائلی سردار کی موت پر قبائل کا احتجاجی مظاہرہ
اسلام ٹائمز۔ ضلع کرم کے اسی سالہ قبائلی سردار حاجی گل بت چمکنی دل کا دورہ پڑنے سے جیل میں انتقال کرگئے۔ مشتعل لوگوں نے میت اٹھا کر ڈی سی آفس کے سامنے احتجاج شروع کر دیا۔ سابق انجینئر رشید احمد خان کے مطابق پاڑہ چمکنی کے دو قبائل خانی خیل اور گنداو کے مابین معدنیات کی لیز کے سلسلے میں تنازعہ چلا آرہا تھا، جس پر مقامی انتظامیہ نے دونوں قبائل کے عمائدین کو گرفتار کر لیا، آج صبح صدہ جیل میں پاڑہ چمکنی قبائل کے سردار حاجی گل بت پر صدہ جیل میں دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا، قبیلے کے لوگ میت اٹھا کر احتجاجی جلوس کی شکل میں پاراچنار شہر پہنچ گئے اور میت کے ہمراہ ڈی سی آفس کے سامنے احتجاج شروع کر دیا، اس موقع پر سابق سینیٹر رشید احمد خان اور دیگر قبائلی عمائدین نے میڈیا کو بتایا کہ ایف سی آر ختم ہوچکا ہے مگر اس کے باوجود ایف سی آر کا غلط استعمال افسوسناک ہے۔

عمائدین نے مطالبہ کیا کہ ڈی سی کرم، تحصیلدار اور صوبیدار میجر خاصہ دار فورس کے خلاف کارروائی کی جائے، مقامی انتظامیہ نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ گنداو اور خانی خیل قبائل کے مابین معدنیات کے لیز کے سلسلے میں تنازعہ شدت اختیار کر گیا تھا اور خونریزی کا خدشہ تھا، اس وجہ سے دونوں فریقین سے متعدد افراد اور قبائلی عمائدین کو حراست میں لیا گیا تھا، جن میں سے حاجی گل بت پاڑہ چمکنی پر دل کا دورہ پڑا، جو جان لیوا ثابت ہوا۔ انجمن حسینیہ کے سیکرٹری جنرل حاجی نور محمد اور طوری بنگش قبائل کے عمائدین نے بھی احتجاجی مظاہرین سے خطاب کیا۔ مظاہرین کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے 73 بریگیڈ کے کمانڈر بریگیڈیئر اختر علیم خان نے کہا کہ تحصیلدار اور خاصہ دار فورس کے صوبیدار میجر کو معطل کر دیا گیا ہے اور واقعے کے حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں، بریگیڈیئر اختر علیم کی تقریر کے بعد مظاہرین احتجاج ختم کرکے میت کے ہمراہ واپس چلے گئے۔
خبر کا کوڈ : 749687
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش