0
Sunday 16 Sep 2018 20:31

ڈیمز کی مخالفت کو سنگین ترین جرم قرار دیا جائے، سنی اتحاد کونسل

ڈیمز کی مخالفت کو سنگین ترین جرم قرار دیا جائے، سنی اتحاد کونسل
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ نیشنل ایجنڈا کی تیاری کیلئے پارلیمنٹ میں گریٹ ڈیبیٹ کروائی جائے، نئی حکومت پرانی حکومت کی غلطیوں سے سبق سیکھے، ڈیمز کی مخالفت کو سنگین ترین جرم قرار دیا جائے، وزیراعظم ہاؤس کو یونیورسٹی بنانے کا فیصلہ خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ سول ملٹری تعلقات کا خوشگوار آغاز روشن مستقبل کی نوید بنے گا، بیوروکریسی ملک و قوم کی خادم بن جائے تو سارے مسئلے حل ہو جائیں، بڑے بڑے کمشنر ہاؤسز اور ڈی سی ہاؤسز کو نیلام کیا جائے، سرکاری گاڑیوں کا ذاتی استعمال روکا جائے، حکومت کشمیر کمیٹی کو فعال بنائے، مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے سفارتی وفود بیرون ملک بھیجے جائیں۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے جامعہ علمیہ اچھرہ میں سنی اتحاد کونسل لاہور کے عہدیداران و کارکنان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشتگردی روکنے کیلئے فوری اقدامات اٹھائے، پاک افغان تعلقات کی بہتری کیلئے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا دورہ کابل اہم پیشرفت ہے، امریکہ بھارت کو خطے کا تھانیدار بنانا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی نازک معاشی صورتحال قومی یکجہتی کی متقاضی ہے، پی ٹی آئی کی حکومت آئی ایم ایف سے قرضے لینے کی بجائے خود انحصاری کی پالیسی اختیار کرے، لوٹی دولت ملک میں واپس لاکر غیر ملکی قرضے ادا کئے جا سکتے ہیں، سیاستدانوں کیساتھ ساتھ کرپٹ بیوروکریٹس کا بھی بے رحم احتساب ہونا چایئے، حکومت کسانوں کو ریلیف دینے کیلئے خصوصی اقدامات کرے۔
خبر کا کوڈ : 750482
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش