0
Friday 21 Sep 2018 11:47

امام حسینؑ کی عظیم قربانی دین اسلام کے تحفظ اور پوری انسانیت کیلئے تھی، آفاق احمد

امام حسینؑ کی عظیم قربانی دین اسلام کے تحفظ اور پوری انسانیت کیلئے تھی، آفاق احمد
اسلام ٹائمز۔ مہاجر قومی موومنٹ پاکستان کے چیئرمین آفاق احمد نے یوم عاشور پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ واقعہ کربلا حق و سچ کی خاطر قربانی دینے اور باطل کے سامنے سربکف ہونے کا نام ہے، میدان کربلا میں حضرت امام حسینؑ اور انکی آل و رفقاء نے باطل کا مقابلہ کرکے ثابت کر دیا کہ خالق کی عظمت اور کبریائی کو ماننے والے کبھی مخلوق کے سامنے سر نہیں جھکاتے۔ اپنے پیغام میں آفاق احمد نے کہا کہ اسلام اور قربانی کا چولی دامن کا ساتھ ہے، بہتر اور بڑے مقصد کیلئے جان و مال قربان کرنا نبیوں کی سنت ہے، جسے میدان کربلا میں حضرت امام حسینؑ نے دوبارہ زندہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج امت مسلمہ بالخصوص پاکستانی عوام جن پریشانیوں کے شکار ہیں، اسکی بنیادی وجہ مذہب سے دوری اور قربانی و ایثار کا جذبہ کمزور ہونا ہے، ہم نے دنیاوی فوائد اور ذاتی مفادات کیلئے قوانین قدرت کو پس پشت ڈال دیا، جس کی وجہ سے کشمیر سے شام تک مسلمانوں کو مار پڑ رہی ہے۔

آفاق احمد نے کہا کہ جب تک ہم ایک دوسرے کیلئے قربانی دینے کا جذبہ اور احکامات خداوندی کی پیروی نہیں کریں گے، تب تک مسائل سے نجات مشکل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام میں فرقہ واریت اور مذہبی منافرت کی کوئی گنجائش نہیں، حضرت امام حسینؑ دنیا بھر کے مسلمانوں کے سر کا تاج ہیں اور انہیں خراج تحسین پیش کرنے کا سب سے بہتر طریقہ خود میں قربانی و ایثار کا جذبہ پیدا کرنا ہے، جس کی ہم میں بے انتہا کمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں باہمی اختلافات بھلا کر ایک قوم اور ملت کا تصور اجاگر کرنا ہے، کیونکہ حضرت امام حسینؑ کی عظیم قربانی کسی ایک فرقہ یا مسلک کیلئے نہیں، بلکہ دین اسلام کے تحفظ اور پوری انسانیت کیلئے تھی۔
خبر کا کوڈ : 751244
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش