0
Sunday 14 Oct 2018 20:37

نیب سیاسی انتقام کا ادارہ بن گیا ہے، شہباز شریف کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا ہے، وزیر بلدیات سندھ

نیب سیاسی انتقام کا ادارہ بن گیا ہے، شہباز شریف کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا ہے، وزیر بلدیات سندھ
اسلام ٹائمز۔ صوبائی وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ نیب سیاسی انتقام کا ادارہ بن گیا ہے، شہباز شریف کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا ہے جو انتہائی قابل مذمت ہے، شہباز کی گرفتاری ضمنی انتخابات پر اثرانداز ہونے کی کوشش ہے، صوبوں میں یکساں بلدیاتی نظام ممکن نہیں ہے، ہر صوبے کے حالات اور زمینی حقائق قطعی مختلف ہیں، ہر صوبہ اپنے عوام کی ضروریات کے مطابق بلدیاتی نظام لائے گا۔ وہ حیدرآباد کیمپ آفس پر پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے، پیپلز پارٹی کے ضلعی جنرل سیکریٹری علی محمد سہتو، احسان ابڑو، ڈی جی ایچ ڈی اے، ایم ڈی واسا بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا کہ نیب نے ہمیشہ اپنے اختیارات اور مینڈیٹ سے تجاوز کیا ہے، شہباز شریف کو جس بیہودہ طریقے سے گرفتار کیا گیا ہے وہ کھلا سیاسی انتقام اور ضمنی انتخابات پر اثرانداز ہونے کی کوشش ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب کو پہلے نواز شریف نے سیاسی انتقام کے لئے استعمال کیا، اب نواز شریف کے نقش قدم پر عمران خان چل رہے ہیں، ماضی میں کوئی بھی سیاسی حکومت اتنی جلد عوام میں غیرمقبول نہیں ہوئی جتنی پی ٹی آئی کی حکومت نے عوام میں اپنا مقام کھویا ہے۔ سعید غنی نے میئر اور ڈپٹی میئر سمیت بلدیاتی ذمہ داروں کی عدم موجودگی پر کہا کہ ان کے ہونے یا نہ ہونے سے کوئی فرق نہیں پڑتا، وہ اپنا کام کر رہے ہیں اور ہم اپنا کام کر رہے ہیں، ہم فوٹو سیشن والے نہیں بلکہ کام کرنے آئے ہیں۔

حیدرآباد کے لئے 20 ارب کے وفاقی پیکیج پر وزیر بلدیات نے کہا کہ وفاقی حکومت اپنی ذمہ داریاں ادا نہیں کر رہی، صرف اعلانات کرکے عوام کو لولی پاپ دے کر گمراہ کر رہی ہے، وفاقی حکومت کسی بھی بلدیاتی ادارے کو براہ راست کوئی پیکیج نہیں دے سکتی، اگر پیکیج دینا ہے تو صوبائی حکومت کے ذریعے دیا جائے کیونکہ بلدیات صوبائی معاملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یکساں بلدیاتی نظام کا ملک میں نفاذ قطعی ممکن نہیں ہے، صرف صوبہ سندھ میں تین طرح کا بلدیاتی نظام چل رہا ہے، صوبائی وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ کی طرف سے اپنی بیٹی اور بھائی کی بچیوں کو سرکاری اسکول میں داخل کرانے کے سوال پر سعید غنی نے کہا کہ یہ خوش آئند اقدام ہے اس سے سرکاری اداروں پر عوام کا اعتماد بحال ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 755814
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش