0
Saturday 20 Oct 2018 08:11

بھاجپا کشمیر میں امن کی خواہاں ہے، راجناتھ سنگھ

بھاجپا کشمیر میں امن کی خواہاں ہے، راجناتھ سنگھ
اسلام ٹائمز۔ بھارت کے وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے پاکستان پر ایک بار پھر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیر میں جنگجوﺅں کو بھیج کر حالات بگاڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کشمیر میں امن چاہتی ہے اور اس کے لئے کئی پروگراموں پر کام کیا جارہا ہے۔ راجناتھ سنگھ نے راجستھان میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے ساتھ تقریب کے اختتام کے بعد کشمیر سے متعلق پوچھے گئے سوالات کے جواب میں کہا کہ پاکستان کشمیر میں حالات بگاڑنے کی کوششوں میں مصروف ہے، جس کے لئے پاکستانی ایجنیساں کام کررہی ہیں اور ان کے ان ناپاک عزائم کو کبھی بھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے بھارت کے ساتھ اپنا مستقبل وابستہ کرلیا ہے اور اس پر کاربند ہیں تاہم کشمیر میں پاکستان کی شہہ پر کچھ لوگ حالات کو بگاڑنے کے لئے ذمہ دار ہیں، جن کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ راجناتھ سنگھ نے کہا کہ کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ ہے، جس کو الگ کرنے کی کوئی بھی کوشش کامیاب نہیں ہونے دی جائے گی۔ انہوں نے پاکستان پر الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان گذشتہ تین دہائیوں سے کشمیر کے حالات بگاڑنے کی سرتوڑ کوششیں کرتا آرہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اپنے تمام پڑوسیوں کے ساتھ اگرچہ بہتر تعلقات چاہتا ہے لیکن اس کے بدلے وہ ملک کی سالمیت کے ساتھ کوئی سمجھوتہ کرنے کے لئے تیار نہیں ہے۔

پاکستان کے ساتھ مذاکرات کی بحالی کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں راجناتھ سنگھ نے کہا کہ بھارت امن کا متلاشی ہے اور مذاکرات میں ہی یقین رکھتا ہے لیکن پاکستان نے بار بار بھارت کے بھروسے کو ٹھیس پہنچائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک پاکستان عسکریت پسندی کے ڈھانچے کو مکمل طور پر تباہ نہیں کرے گا تب تک مذاکرات شروع کرنے کا عمل بے سود ہی ثابت ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 756766
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش