0
Wednesday 24 Oct 2018 23:06
جمال خاشقجی کے قتل کا عمل افسوسناک اقدام ہے

پاک فوج یمن نہیں جائیگی، ہمارے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے، شاہ محمود قریشی

ایران کو سعودی عرب سے ہمارے تعلقات پہ کوئی اعتراض نہیں
پاک فوج یمن نہیں جائیگی، ہمارے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے، شاہ محمود قریشی
اسلام ٹائمز۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان کو تین ارب ڈالر ڈیپازٹ کے لئے ملے ہیں اور طے ہوا ہے کہ سعودی عرب تین سال کے لیے ادھار پر تیل دے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی جانب سے مجموعی طور پر چھ ارب ڈالر کا پیکج ملا ہے. صحافیوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ماضی میں بھی ایک بار ایسا معاہدہ ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب نے پاکستان میں نئی آئل ریفانئری لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ شاہ محمود قریشی نے دعویٰ کیا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلزپارٹی کے ادوار حکومتوں میں دو دو بار ادھار پر تیل دینے کی درخواست کی گئی تھی مگر سعودی عرب نے ان درخواستوں کو مسترد کر دیا تھا۔ پاکستانی وزیر خارجہ نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ دیرینہ تعلقات ہیں اور انہوں نے امداد کے بدلے کوئی شرط بھی عائد نہیں کی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سعودی عرب سے تعلقات کسی ایک ایونٹ کی وجہ سے نہیں ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ یمن کے حوالے سے ہمارے مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی اور نہ ہی پاک فوج یمن جائے گی۔ چند روز قبل پاک ایران سرحد سے ایرانی سکیورٹی اہلکاروں کے اغوا سے متعلق وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران سرحد پر ایرانی بارڈر گارڈز کے اغوا کا واقعہ افسوس ناک ہے، پاکستان کی دو ملکوں کی سرحدوں پر پہلے ہی تناؤ ہے، ایسی صورت حال میں ہم تیسرے ملک کی سرحد پر صورت حال خراب نہیں کرسکتے۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ایران کو سعودی عرب سے ہمارے تعلقات پر کوئی اعتراض نہیں، پاک ایران گیس پائپ لائن کے حوالے سے ایران پر عائد پابندیوں کی وجہ سے مسائل ہیں۔ پاک بھارت تعلقات کے حوالے سے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت کے پاس مذاکرات کے علاوہ کوئی آپشن نہیں ہے، پاکستان اور بھارت نے وزرائے خارجہ کی ملاقات کا فیصلہ کیا اور اس میں نریندر مودی سمیت سب راضی تھے، مجھے نہیں لگتا کہ بھارتی حکومت آئندہ عام انتخابات تک پاکستان سے مذاکرات کے لیے آگے آئے گی، ہمیں بھی کوئی عجلت نہیں۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ جمال خاشقجی کے قتل کی مذمت کون نہیں کرے گا؟ ان کا کہنا تھا کہ قتل کا اقدام افسوسناک ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے سعودی عرب جانے پر اپوزیشن کا اعتراض بے جا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کانفرنس کا انعقاد خاشقجی کے قتل سے پہلے طے شدہ تھا۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان کے 24 لاکھ سے زائد افراد سعودی عرب میں ملازمت پیشہ ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ سعودی ویزہ فیس میں بھی حکومت کی درخواست پر کمی کی گئی ہے۔
خبر کا کوڈ : 757707
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش