0
Tuesday 31 May 2011 13:16

نیٹو کو لوگوں کے گھروں پر حملہ کرنے کی اجازت نہیں ہے، حامد کرزئی

نیٹو کو لوگوں کے گھروں پر حملہ کرنے کی اجازت نہیں ہے، حامد کرزئی
کابل:اسلام ٹائمز۔ افغان صدر حامد کرزئی نے کہا ہے کہ طالبان کے تعاقب میں نیٹو کو گھروں پر حملوں کی اجازت نہیں دی جائیگی۔ بہت ہو چکا، اتحادی سویلین پر بمباری بند کر دیں۔ کابل میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے افغان صدر حامد کرزئی نے انتباہ کیا کہ اگر نیٹو نے سویلین پر حملے بند نہ کئے تو اتحادی افواج کو قابض فوج تصور کیا جائیگا۔ کرزئی کا کہنا تھا کہ مستقل حملوں سے افغان شہری تنگ آ چکے ہیں۔ اب سویلین گھروں پر حملے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔
افغانستان کے صدر حامد کرزئی نے کہا ہے کہ گھروں پر نیٹو کے فضائی حملوں کی وجہ سے بڑی تعداد میں شہری ہلاک ہوئے ہیں۔
کابل میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے افغان صدر حامد کرزئی کا کہنا تھا کہ نیٹو کو اب دہشت گردوں کے تعاقب میں گھروں پر حملے بند کرنا ہوں گے کیونکہ ان حملوں سے شہریوں کی ہلاکتیں ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ حملے میں بچے اور خواتین مارے گئے جس کی وجہ سے پورے ملک میں غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے بعد نیٹو کو لوگوں کے گھروں پر فضائی حملہ کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ یہ نیٹو کے حملوں کے خلاف افغان صدر کا سخت ترین بیان ہے جبکہ نیٹو کا کہنا ہے کہ طالبان کی سرکوبی کیلئے ایسے حملے ضروری ہیں۔ نیٹو کا کہنا ہے کہ انہوں نے کبھی بھی افغان حکومت کے تعاون اور اجازت کے بغیر حملہ نہیں کیا۔ نیٹو حکام نے حامد کرزئی کے بیان پر فوری طور پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا۔
خبر کا کوڈ : 75834
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش