0
Monday 19 Nov 2018 10:10

مولانا نذر الرحمان کو تبلیغی جماعت کا امیر مقرر کر دیا گیا

مولانا نذر الرحمان کو تبلیغی جماعت کا امیر مقرر کر دیا گیا
اسلام ٹائمز۔ امیر تبلیغی جماعت حاجی عبدالوہاب کی وفات کے بعد مولانا نذر الرحمان کو تبلیغی جماعت کا نیا امیر مقرر کر دیا گیا ہے۔ حاجی عبدالوہاب نے اپنی وصیت میں جماعت کی قیادت سپرد کرنے کیلئے 3 علماء کے نام تجویز کئے تھے۔ مرکزی اجتماع گاہ رائیونڈ میں حاجی عبدالوہاب کی نماز جنازہ سے قبل ان کے پرانے خدمتگار مولانا محمد فہیم نے ان کی وصیت پڑھ کر سناتے ہوئے کہا کہ حاجی عبدالوہاب نے اپنی وفات کے بعد تبلیغی جماعت کی قیادت کیلئے 3 علماء کرام کے نام  تجویز کئے تھے، جن میں پہلا نمبر مولانا نذر الرحمان، دوسرا مولانا احمد بٹلہ اور تیسرا مولانا عبیداللہ خورشید کا نام ہے۔ حاجی عبدالوہاب نے 17 ستمبر 2015ء کو اپنی وصیت تحریر کروائی تھی۔ انڈیا سمیت دنیا بھر سے آئے ہوئے تبلیغی جماعت کے بزرگوں نے مشاورت کے بعد حاجی عبدالوہاب کی وصیت پر من و عن عمل کا فیصلہ کیا، جس کے بعد مولانا نذر الرحمان تبلیغی جماعت کے امیر ہوں گے۔

واضح رہے کہ مولانا نذر الرحمان نے ہی حاجی عبدالوہاب کی نماز جنازہ پڑھائی تھی۔ اگر مولانا نذر الرحمان بھی وفات پا جاتے ہیں تو ان کے بعد امارت کی ذمہ داری مولانا احمد بٹلہ اور ان کے بعد یہ ذمہ داری مولانا جمشید کے صاحبزادے مولانا عبیداللہ خورشید کو سونپ دی جائے گی۔ تبلیغی جماعت کے سابق امیر حاجی عبدالوہاب نے جس وقت اپنی وصیت تحریر کروائی تو اس وقت انہوں نے اس پر دستخط کرتے ہوئے لکھوایا تھا کہ جو شخص ان کیساتھ محبت یا عقیدت رکھتا ہے تو وہ اپنی زندگی کے تمام معاملات کو پس پشت ڈال کر آخرت کی تیاری کیلئے دعوت و تبلیغ کے کام کیلئے اپنے گھروں سے نکلے اور اللہ اللہ کے ذکر کو عام کرے۔ استغفر اللہ اور درُود پاک کو کثرت سے پڑھا کریں، تاکہ اللہ کی رحمتوں کا نزول ہوسکے۔
خبر کا کوڈ : 762033
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش