0
Saturday 24 Nov 2018 15:54

پشاور، ریلوے کو لوگوں نے مفت کا مال سمجھا ہے، شیخ رشید

پشاور، ریلوے کو لوگوں نے مفت کا مال سمجھا ہے، شیخ رشید
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے نواز شریف اور زرداری نے بری طرح ملک کو لوٹا، اب قوم چور اور چوکیدار میں فرق کرے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے پشاور کینٹ اسٹیشن پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم میرٹ پر ریلوے میں بھرتیاں کریں گے، کیونکہ سابقہ ادوار میں ریلوے کمیشن کی وجہ سے تباہ ہوا، حرام کھانے والوں کی سزا قوم کو ملتی ہے، قوم کو سزا آواز نہ اٹھانے کی وجہ سے ملتی ہے۔ شیخ رشید نے ایک بار پھر سیاسی مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف اور زرداری نے ملک کو بری طرح نوچا ہے، اب قوم چور اور چوکیدار میں فرق کرے۔ انہوں نے بتایا کہ اگلے ماہ کراچی سے پشاور تک نیا ریلوے ٹریک بنائیں گے، اس کے علاوہ سفاری ٹرین چلائیں گے، جس پر جلد کام شروع کیا جائے گا، ساتھ ہی ہدایت کی ہے کہ ریلوے اسٹیشنز پر مزید ایک ہزار اسٹال لگائے جائیں۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ریلوے ٹریک پر لوگوں نے تجاوزات بنا رکھی ہیں، کراچی میں ریلوے کی زمین پر 5 ہزار مکان بنا لئے گئے ہیں، ریلوے کو لوگوں نے مفت کا مال سمجھا ہے۔

وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ گھر بیٹھے تنخواہ لینے والے 600 ملازمین کی ملازمتیں ختم کر دیں، اب ریلوے میں مزید ملازمتیں دے رہے ہیں۔ رحمٰن بابا ایکسپریس کا افتتاح کرنے جا رہے ہیں، ریلوے ہسپتالوں کو نجی تحویل میں دینے کی پیشکش کی ہے۔ انہوں نے کہا ریلوے پولیس کو ختم نہیں کیا جائے گا، بجٹ کی حالت خراب ہے، روس، جرمنی اور چین نے سرکلر ٹرین چلانے میں دلچسپی لی ہے، ہماری ترجیح چین ہے، اس منصوبے کا فیصلہ عمران خان نے کرنا ہے، خیبر پختونخوا حکومت نے اس کا فیصلہ کیا تو پورا تعاون کریں گے۔ گذشتہ روز چار نئی ٹرنیں چلانے کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے وزیر ریلوے شیخ رشید  کو میرٹ کے برخلاف بھرتی ہونے والوں کو محکمے سے نکالنے کی ہدایت کی تھی۔
خبر کا کوڈ : 763007
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش