0
Sunday 16 Dec 2018 08:46
امریکی پابندیوں سے تہران کی پالیسیاں تبدیل نہیں ہونگی

ایران نے صرف انہی ممالک میں اپنے فوجی مشیر روانہ کئے جنھوں نے باضابطہ اسکی درخواست کی، جواد ظریف

ایران بارہ شرطیں لگانے والے ملک کیساتھ ہرگز کسی بھی قسم کے مذاکرات نہیں کریگا
ایران نے صرف انہی ممالک میں اپنے فوجی مشیر روانہ کئے جنھوں نے باضابطہ اسکی درخواست کی، جواد ظریف
اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوری ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا ہے کہ ایٹمی معاہدے میں اگر تہران کے مفادات کا تحفظ ہوا اور یورپی یونین نے اپنے وعدے پر عمل کیا تو ایران اس معاہدے میں باقی رہے گا۔ ایرانی وزیر خارجہ نے ہفتے کو دوحہ بین الاقوامی اجلاس سے اپنے خطاب میں اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ امریکہ کے ساتھ ایران کے مذاکرات کی کوئی وجہ نہیں پائی جاتی، کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران، بارہ شرطیں لگانے والے ملک کے ساتھ ہرگز کسی بھی قسم کے مذاکرات نہیں کرے گا۔ انہوں نے تاکید کے ساتھ کہا کہ امریکی پابندیوں سے تہران کی پالیسیاں تبدیل نہیں ہوں گی، ایران اپنے تیل کی فروخت اور عالمی برادری کے ساتھ مفاہمت کا عمل جاری رکھے گا، شکست اسی ملک کو ہوگی جس نے ایران کے ساتھ مفاہمت کا راستہ ترک کر دیا۔ ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکہ ایسی حالت میں ایران پر علاقے کے امور میں مداخلت کا الزام عائد کر رہا ہے کہ خود مغربی ایشیا میں مداخلت کرکے بحران کا باعث بنا ہوا ہے۔

محمد جواد ظریف نے کہا کہ ایران نے صرف انہی ممالک میں اپنے فوجی مشیر روانہ کئے کہ جنھوں نے ایران سے باضابطہ طور پر اس سلسلے میں درخواست کی اور اسلامی جمہوریہ ایران شام سے صرف اسی صورت میں واپس آئے گا، جب اس ملک کی حکومت سرکاری طور پر ایران سے درخواست کرے گی۔ انہوں نے ایران کی جانب سے یمن کو اسلحہ ارسال کئے جانے کے دعوے کی بھی سختی کے ساتھ تردید کی اور تاکید کے ساتھ کہا کہ یمنی عوام ان ہتھیاروں سے استفادہ کر رہے ہیں، جو یمن کے سابق صدر علی عبداللہ صالح کے دور میں یمن نے سعودی عرب سے حاصل کئے تھے۔ ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے امریکہ اور برطانیہ سے ہتھیار درآمد کرکے غریب اسلامی و عرب ملک یمن کو جہنم میں تبدیل کر دیا ہے، یمن پر سعودی اتحاد کی جارحیت میں اب تک ہزاروں عام شہری مارے جا چکے ہیں۔ انہوں نے یمن کے امن مذاکرات کا ذکر کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ بحران یمن کے بارے میں سوئیڈن معاہدے سے یمنی عوام کے مسائل و مشکلات اور رنچ و آلام کا خاتمہ ہو جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 767056
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش