0
Tuesday 25 Dec 2018 18:35

بابائے قوم کے زریں افکار کیمطابق پاکستان سے دہشتگردی، فرقہ واریت اور تعصبات کا خاتمہ کیا جائیگا، قاسم خان سوری

بابائے قوم کے زریں افکار کیمطابق پاکستان سے دہشتگردی، فرقہ واریت اور تعصبات کا خاتمہ کیا جائیگا، قاسم خان سوری
اسلام ٹائمز۔ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے زریں اصولوں و افکار کے مطابق پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بناکر دہشت گردی، فرقہ واریت اور تعصبات کا خاتمہ کیا جائے گا، زیارت میں صنوبر کے قیمتی جنگلات کے تحفظ اور سیاحت کو فروغ دینا وفاقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو زیارت ریزیڈنسی میں فرنٹیئر کور بلوچستان کے زیراہتمام بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش کے موقع پر پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر وزیراعلٰی بلوچستان جام کمال خان، کور کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ، انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور بلوچستان میجر جنرل فیاض حسین شاہ، وفاقی وزیر دفاعی پیداوار زبیدہ جلال، صوبائی وزراء حاجی نور محمد دومڑ، میر سلیم کھوسہ، انجینئر زمرک خان اچکزئی، میر ضیاء لانگو، اراکینِ قومی اسمبلی، سینیٹرز، قبائلی معتبرین اور اعلٰی سول و عسکری حکام بھی موجود تھے۔

اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا کہ 25 دسمبر بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح جیسی عظیم شخصیت کی پیدائش کا دن ہے جن کے بلند حوصلے، جذبے اور اصولوں کی وجہ سے آج ہم آزاد فضاؤں میں سانس لے رہے ہیں۔ جنہوں نے بیماری کے باوجود انتھک محنت کر کے پاکستان کے قیام کو ممکن بنایا۔ انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے زیارت جیسے تاریخی شہر میں اپنی زندگی کے آخری ایام گزار کر ثابت کر دیا کہ پورا پاکستان ایک جیسی اہمیت کا حامل ہے، چونکہ زیارت میں صنوبر کے جنگلات دنیا کا دوسرا بڑا ذخیرہ ہیں، اس لئے زیارت بلوچستان و پاکستان کا اثاثہ ہے اور وفاقی حکومت سیاحت کے فروغ اور قیمتی جنگلات کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے تاکہ زیارت کے قدرتی حسن و خوبصورتی کو مزید بہتر بنا کر سیاحوں کو مزید سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

قاسم خان سوری نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ہم سب کو ملکر وطن عزیز سے دہشتگردی کے ناسور کا خاتمہ اور اقتصادی حالات بہتر بنا کر قائد اعظم محمد علی جناح کے اصولوں کے مطابق پاکستان میں امیر و غریب کے درمیان فرق کو ختم کر کے دو نہیں ایک پاکستان بنانا ہے۔ جس میں کرپشن، جہالت، لسانیت و تعصبات کی بجائے محبت و اخوت اور بھائی چارے و یکجہتی کی فضا قائم ہو۔ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے ہندوؤں اور انگریزوں کی سخت مخالفت کے باوجود شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے خوابوں کو عملی جامہ پہناتے ہوئے مملکت خدادداد پاکستان کے قیام کو ممکن بنایا۔ اسلئے اب ہم دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے متحد ہوں۔ پاکستان کو عظیم سے عظیم تر بنانے کے لئے دہشت گردی اور فرقہ واریت کے ناسور کا خاتمہ کرنا ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 768624
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش