0
Wednesday 9 Jan 2019 11:01

کراچی، مسلح افراد کی سابق گورنر سندھ محمد زبیر کی گاڑی روکنے کی کوشش

کراچی، مسلح افراد کی سابق گورنر سندھ محمد زبیر کی گاڑی روکنے کی کوشش
اسلام ٹائمز۔ سابق گورنر سندھ و مسلم لیگ (ن) کے رہنما محمد زبیر کو کراچی کے علاقے ڈیفنس میں نامعلوم مسلح افراد کی جانب سے ہراساں کرتے ہوئے روکے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ اطلاعات کے مطابق سابق گورنر سندھ محمد زبیر عمر ڈیفنس فیز 6 میں تھے کہ وہاں سفید رنگ کی کار میں سوار مسلح ملزمان نے انہیں روکنے کی کوشش کی، تاہم وہ گاڑی بھگا کر وہاں سے نکل گئے۔ سابق گورنر محمد زبیر نے بتایا کہ وہ اہل خانہ کے ہمراہ ڈیفنس میں تھے کہ ایک گاڑی قریب آکر رکی، جس میں تین افراد سوار تھے، ان میں سے ایک شخص نے گاڑی سے اتر کر اسلحہ نکالا ہی تھا، جسے دیکھ کر وہ فوری طور پر گاڑی بھگا کر وہاں سے نکل گئے۔ واقعے کے بعد پولیس حکام سابق گورنر کے گھر پہنچ گئے اور ان سے معلومات حاصل کیں۔

دیگر ذرائع کے مطابق سابق گورنر سندھ محمد زبیر کے بیٹے کا کہنا ہے کہ نامعلوم مسلح افراد نے والد پر حملے کی کوشش کی، میری والدہ بھی گاڑی میں موجود تھیں۔ ملزمان کے پاس اسلحہ بھی تھا۔ سابق گورنر محمد زبیر کے بیٹے کے مطابق کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 6 میں سابق گورنر سندھ محمد زبیر کو نامعلوم افراد کی جانب سے روکنے کی کوشش کی گئی۔ محمد زبیر کا کہنا تھا کہ وہ اہلیہ کے ہمراہ گاڑی میں گھر جا رہے تھے کہ اس دوران مسلح گاڑی سوار افراد نے انہیں گاڑی روکنے کا کہا اور اپنی گاڑی ہماری گاڑی کے ساتھ لگا دی۔ محمد زبیر کا مزید کہنا تھا کہ ملزمان کی گاڑی میں سوار افراد کے ہاتھوں میں پستول تھی، تاہم جب میں نے اسلحہ نکال کر ان کی طرف کیا، تو انہوں نے گاڑی بھگا دی۔ واقعہ کی اطلاع پولیس کو کر دی گئی ہے۔

سابق گورنر سندھ نے مزید کہا کہ تین چار دن سے دھمکیاں مل رہیں تھیں، سیکیورٹی نہ مانگی اور نہ انہیں دی گئی، مگر گزشتہ ایک دو ماہ میں جو واقعات ہوئے، اس تناظر میں حکومت سیکیورٹی کا جائزہ لے۔ سابق گورنر کا مزید کہنا تھا کہ میں خیریت سے ہوں، کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو آگاہ کر دیا ہے۔ محمد زبیر کے بیٹے احسن زبیر کا کہنا ہے کہ ملزمان سے گولی نہیں چلی یا پھر وہ کوئی پیغام دینا چاہتے تھے، ملزمان والد کی گاڑی کا پیچھا کر رہے تھے۔
خبر کا کوڈ : 771063
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش