0
Monday 14 Jan 2019 19:33

خیبر، خوگہ خیل قبیلے کا این ایل سی کیخلاف احتجاج اور 4 مطالبات

خیبر، خوگہ خیل قبیلے کا این ایل سی کیخلاف احتجاج اور 4 مطالبات
اسلام ٹائمز۔ قبائلی ضلع خیبر کی تحصیل لنڈی کوتل میں خوگہ خیل قبیلے نے این ایل سی طورخم کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ہے۔ مظاہرے میں سینیٹر الحاج تاج محمد آفریدی اور دوسرے قبائل کے لوگوں نے بھی حصہ لیا۔ مظاہرین نے بائی پاس روڈ کو دو گھنٹوں تک بند رکھا، تاہم عسکری اہلکاروں کے ساتھ کامیاب مذاکرات اور مظاہرین کی جانب سے چار مطالبات پیش کئے جانے کے بعد سڑک کھول دی گئی۔ اس موقع پر سینیٹر الحاج تاج محمد آفریدی نے خوگہ خیل قبیلے کے 4 مطالبات پیش کئے۔ سینیٹر الحاج تاج محمد آفریدی نے کہا کہ خوگہ خیل قبیلے کا پہلا مطالبہ یہ ہے کہ فیز ون ایریا کو خالی کیا جائے، جہاں پر این ایل سی حکام بغیر کرائے کے رہ رہے ہیں۔ دوسرے مطالبے کے حوالے سے الحاج تاج محمد آفریدی نے کہا کہ این ایل سی حکام کے ساتھ خوگہ خیل قبیلے  نے جتنی کنال اراضی کا معاہدہ کیا ہے اس پر وہ رہیں لیکن بقیہ اراضی خالی کی جائے۔

خوگہ خیل قبیلے کا تیسرا مطالبہ یہ ہے کہ انہیں بے جا تنگ نہ کیا جائے۔ انکا کہنا تھا کہ این ایل سی حکام اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہیں اور انہیں جگہ جگہ تنگ کیا جاتا ہے۔ چوتھا اور آخری مطالبہ یہ ہے خوگہ خیل قبیلے کو سالانہ آمدنی کا پانچ فیصد حصہ دیا جاتا ہے جو نہایت ہی کم ہے، لہٰذا معاہدے میں ترمیم کرکے یہ 10فیصد کردیا جائے۔ آخر میں مظاہرین نے کہا کہ اگر 23 جنوری تک متعلقہ حکام نے ان سے مذاکرات نہ کئے تو وہ پاک افغان شاہراہ کو مکمل طور پر بند کردیں گے۔ مظاہرین نے واضح کیا کہ احتجاج انکا آئینی حق ہے اور وہ اپنے مطالبات سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ عسکری حکام نے مظاہرین کو یقین دلایا کہ انکے مطالبات متعلقہ حکام تک پہنچا دیئے جائیں گے، جس کے بعد مظاہرین پرامن طور پر منتشر ہوگئے۔
خبر کا کوڈ : 772047
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش