0
Thursday 17 Jan 2019 19:09

حالات ایک جیسے نہیں رہتے، جلد جیل سے باہر ہوں گا، نواز شریف

حالات ایک جیسے نہیں رہتے، جلد جیل سے باہر ہوں گا، نواز شریف
اسلام ٹائمز۔ کوٹ لکھپت میں قید سابق وزیراعظم میاں نواز شریف سے آج ملاقات کا دن تھا۔ میاں نواز شریف سے اہل خانہ سمیت سیاسی رہنماؤں نے ملاقات کی۔ ملاقات کرنیوالوں میں نواز شریف کی والدہ، بیٹی مریم، داماد کیپٹن (ر)صفدر اور حمزہ شہباز شریف شامل تھے۔ نواز شریف نے اہل خانہ کیساتھ دوپہر کا کھانا کھایا۔ ملاقات کرنیوالے لیگی رہنماؤں میں میئر لاہور مبشر جاوید، پرویز ملک، میاں مجتبیٰ شجاع الرحمان، غزالی بٹ، خواجہ عمران نذیر، چودھری شہباز سمیت دیگر شامل تھے جبکہ سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کے دو بیٹوں سید علی گیلانی اور موسیٰ گیلانی نے بھی نواز شریف سے ملاقات کی۔ لیگی رہنما بی بی وڈیری نے جیل کے باہر نواز شریف کیلئے بکروں کا صدقہ بھی دیا۔

اس موقع پر ملاقات کرنیوالے لیگی رہنماؤں کا کہنا تھاکہ میاں نواز شریف حوصلے میں ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ جیل میں ان کا جذبہ جواں ہے۔ لیگی رہنماؤں کے مطابق نواز شریف نے مال روڈ پر احتجاج کرنیوالے کسانوں کیساتھ اظہار یکجہتی کیا ہے۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ ملک کی معاشی بدحالی دیکھ کر دل کو دکھ ہوتا ہے، کسان سڑکوں پر ہیں اور کھادیں مہنگی ہیں، اس پر انصاف کی باتیں حکومت کو زیب نہیں دیتیں، اور ترقی کے دعوے کرنیوالوں نے کسان کو معاشی طور پر تباہ کر دیا ہے، عوام غربت کی چکی میں پس رہے ہیں اور یہ اپوزیشن کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ نواز شریف نے مزید کہا کہ میرے حوصلے بلند ہیں اور بہت جلد عوام کے درمیان ہوں گا، حالات ہمیشہ ایک جیسے نہیں رہتے اور یہ وقت بھی گزر جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 772646
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش