0
Monday 21 Jan 2019 20:39

6 ماہ کے اندر حکومتی قرضوں میں 485 ارب روپے کا اضافہ

6 ماہ کے اندر حکومتی قرضوں میں 485 ارب روپے کا اضافہ
اسلام ٹائمز۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران حکومت کے بینکنگ سیکٹر سے حاصل کردہ قرضوں کی مالیت میں 485 ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری ہونے والے اعدادوشمار میں بتایا گیا ہے کہ رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران حکومت کے بینکنگ سیکٹر سے حاصل کردہ قرضوں کی مالیت میں 485 ارب روپے کا اضافہ ہوا اور مجموعی قرضوں کی مالیت 10 ہزار 777 ارب 76کروڑ روپے تک پہنچ گئی۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعداد و شمار کے مطابق حکومت نے پہلی ششماہی کے دوران اسٹیٹ بینک آف پاکستان سے ایک ہزار 250 ارب روپے کے نئے قرضے حاصل کیے جبکہ کمرشل بینکوں سے قرض گیری کا رجحان کم ہو گیا۔ حکومت نے اسٹیٹ بینک پر انحصار بڑھاتے ہوئے کمرشل بینکوں کو ان کے قرضے لوٹائے، جس کی وجہ سے شیڈول بینکوں کے حکومت پر قرضوں کی مالیت 764 ارب 80 کروڑ روپے کمی سے 5 ہزار 927 ارب 2 کروڑ روپے کی سطح پر آ گئی۔ پہلی ششماہی کے دوران سرکاری اداروں کو جاری کردہ قرضوں کی مالیت میں 117 ارب 43 کروڑ روپے کا اضافہ ہوا ہے، ان اداروں میں خسارے میں چلنے والے سرکاری ادارے پی آئی اے، پاکستان ریلوے، پاکستان اسٹیل و دیگر شامل ہیں۔ پہلی ششماہی کے دوران نجی شعبہ کے لیے جاری کردہ کاروباری قرضوں کی مالیت میں 506 ارب 73 کروڑ روپے کا اضافہ ہوا اور نجی شعبے کے مجموعی قرضے 5 ہزار 101 ارب 43 کروڑ روپے کی سطح تک پہنچ گئے۔ چھ ماہ کے دوران بینکوں نے کنزیومر فنانسنگ کی مد میں 29 ارب 76 کروڑ روپے کے نئے قرضے جاری کیے جس کے بعد مجموعی صارف قرضوں کی مالیت 505 ارب 77 کروڑ 10 لاکھ روپے کی سطح تک پہنچ گئی۔
خبر کا کوڈ : 773388
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش