0
Wednesday 30 Jan 2019 12:58

وزیراعلٰی محمود خان کا جنوبی وزیرستان کا پہلا دورہ

وزیراعلٰی محمود خان کا جنوبی وزیرستان کا پہلا دورہ
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلٰی خیبر پختونخوا محمود خان نے کور کمانڈر پشاور مظہر شاہین کے ہمراہ پہلی بار جنوبی وزیرستان کا باضابطہ دورہ کیا اور نقیب اللہ محسود کے والد اور بچوں سے ملاقات کی۔ وزیراعلٰی سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دورہ کے موقع پر محمود خان نے چیف آف آرمی سٹاف کی جانب سے تعمیر کردہ نقیب اللہ شہید کے گھر کا افتتاح بھی کیا جس کی چابیاں ملاقات کے موقع پر مقتول کے والد کے حوالے کیں۔ بعدازاں قبائلی جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا وزیراعلٰی نے کہا کہ محسود قوم نے ملک کی خاطر قربانیاں دی ہیں جس کا ثمر آج امن کی شکل میں مل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت جنوبی وزیرستان کے نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی یقینی بناتے ہوئے 19 ہزار نوکریوں میں ان پر خصوصی توجہ دے گی جبکہ ملازمتوں کے حصول میں عمر اور تعلیم میں قبائلی نوجوانوں کو خصوصی رعایت دی جائے گی۔ وزیراعلٰی نے جرگہ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ 2 ارب کی لاگت سے بنائے گئے ایگری پارک سے فائدہ اٹھائیں کیونکہ جنوبی وزیرستان ایک زرعی علاقہ ہے اور یہاں کے لوگوں کو زراعت پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان قبائلی علاقوں کی ترقی میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں اور اس عمل میں یہاں کے محب وطن لوگوں کی مرضی و منشاء شامل ہوگی۔ وزیراعلٰی نے کہا کہ نئے اضلاع میں انصاف، حکمرانی اور دیرپا خدمات کا افراسٹرکچر قائم کریں گے جبکہ تعلیم کے ساتھ ساتھ صحت پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ محمود خان نے جرگہ کو یقین دلایا کہ علاقے میں ڈیموں کی تعمیر کیلئے خصوصی جبکہ وانا میں میڈیکل کالج کے قیام کیلئے عملی اقدامات کئے جائیں گے۔ اس موقع پر کور کمانڈر پشاور مظہر شاہین قبائلی عوام و خواص سے ملے اور جنوبی وزیرستان میں امن کی بحالی میں تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ امن کی بحالی کے بعد اب قبائلی علاقوں میں ترقی کا نیا دور شروع ہوگیا ہے۔ دوسری جانب قبائلی عوام نے وزیراعلٰی اور کور کمانڈر پشاور کے دورے کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ حکومت نہ صرف وزیرستان بلکہ تمام قبائلی علاقوں کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرے گی۔
خبر کا کوڈ : 775108
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش