0
Thursday 31 Jan 2019 11:35
بلوچستان کے زمینداروں کے مسائل حل کرنیکی بھرپور کوشش کرینگے

نوجوان نسل کے اذہان کو منور کرنے میں اہل علم کیساتھ پبلشرز کا بہت اہم کردار ہے، امان اللہ خان یاسینزئی

نوجوان نسل کے اذہان کو منور کرنے میں اہل علم کیساتھ پبلشرز کا بہت اہم کردار ہے، امان اللہ خان یاسینزئی
اسلام ٹائمز۔ گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی سے بدھ کے روز گورنر ہاؤس کوئٹہ میں سریاب، بروری اور ہزار گنجی کے زمینداروں پر مشتمل وفد نے ملاقات کی جس کی قیادت حاجی بابا جان شاہوانی کر رہے تھے۔ وفد بی این پی (مینگل) کے صوبائی اسمبلی کے رکن ملک نصیر شاہوانی، میر سکندر شاہوانی، حاجی باسط لہڑی ملک اقبال شاہوانی، آغا عبدالقادر شاہ کرانی، لالا عبدالغفار اور عزیز اللہ شاہوانی پر مشتمل تھا۔ وفد سے بات چیت کرتے ہوئے گورنر بلوچستان نے کہا کہ قومی پیداوار بڑھانے اور معیشت کو استحکام بخشنے میں زمینداروں کا کلیدی کردار ہے۔ گذشتہ تین چار عشروں کی مسلسل خشک سالی سے بالخصوص زمیندار کئی مشکلات سے دوچار ہوئے اور زیرزمین پانی کی سطح نیچے گرنے سے ان کے مسائل و مصائب میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ زمینداروں کو درپیش مشکلات کے حوالے سے گورنر نے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ دریں اثناء گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے کہا ہے کہ اندھیرے اور تاریکی میں علم و شعور کی روشنی بکھیرنے، نوجوان نسل کے اذہان کو جدید علمی چھان بینی سے منور کرنے میں اہل علم و دانش کے ساتھ ساتھ پبلشرز کا بھی اہم کردار ہے۔
 
جدید انسانی ضرورتوں سے ہم آہنگ تحقیقی و تخلیقی کتابوں کے مطالعے سے انسانیت کو زندگی کے صحیح اور سیدھے راستے پر چلنا آسان ہو جاتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ ارتقاء اور ترقی کے سفر میں انسان تو بہت آگے نکل گیا مگر انسانیت پیچھے رہ گئی۔ ضروری ہے کہ تمام متعدل اور ترقی پسند اہل فکر و قلم آگے آئیں اور معاشرے میں کتاب اور صاحب کتاب کی قدر و منزلت میں اضافے کیلئے بھرپور کردار ادا کریں تاکہ انسان اور انسانیت دونوں ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان کے مایہ ناز پبلشر اور سیلز اینڈ سروسز کے مالک منصور بخاری سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات کے دوران بلوچستان کی ہر یونیورسٹی میں نصابی اور غیر نصابی کتابوں کی بک شاپ قائم کرنے، گورنر ہاؤس کوئٹہ وقتاً فوقتاً کتب میلے کا انعقاد یقینی بنانے اور معاشرے میں کتب بینی کے فروغ دینے کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر نے کہا کہ معاشرے میں منفی رویوں اور غلط فہمیوں کی بجائے محبت و یگانگت کے پرچار کی اشد ضرورت ہے تاکہ ہم سب مل جل کر ایک خاندان کی طرح اپنے صوبے کو ترقی و خوشحالی کی اور امن استحکام کی جانب لے جائیں۔
 
خبر کا کوڈ : 775274
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش