0
Monday 4 Feb 2019 10:24

قومی اسمبلی میں عبوری صوبے کا بل پیش ہوگا، تحریک انصاف گلگت بلتستان

قومی اسمبلی میں عبوری صوبے کا بل پیش ہوگا، تحریک انصاف گلگت بلتستان
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف گلگت بلتستان کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ عبوری صوبے کا بل قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا، اس سے پہلے اس معاملے پر کابینہ میں مشاورت ہوگی، اسلام آباد میں پارٹی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فتح اللہ خان، شاہ ناصر، نوشاد عالم، محبوب اوبامہ نے کہا کہ گلگت بلتستان کو تحریک انصاف ہی آئینی حقوق دے گی اور تاریخ میں پہلی مرتبہ قومی اسمبلی میں بل پیش کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ اتنا برا نہیں جتنا کہا جا رہا ہے، عدالت کا فیصلہ بہت اچھا ہے کیونکہ سپریم کورٹ نے معاملے کو پارلیمنٹ میں لے جانے کی اجازت بھی دی ہے اور تمام حقوق کی فراہمی کا بھی پابند بنایا گیا ہے، وفاقی حکومت کے تیار کردہ آرڈر جو اب عدالتی فیصلے کا حصہ ہے، جس کی تمہید میں واضح طور پر وفاقی حکومت نے عبوری صوبے کے قیام کیلئے اپنی آمدگی ظاہر کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی قیادت نے وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور کو تفصیلی بریفنگ دی تھی، جس کے بعد گنڈا پور وزیراعظم سے ملے، انہوں نے عمران خان کو آئینی حقوق کے معاملے پر بریف کرنے کے بعد اعتماد میں لیا ہے۔

جس کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے کہ معاملہ وفاقی کابینہ میں پیش کیا جائے گا، جس کے بعد قومی اسمبلی میں بل پیش ہوگا، ساتھ ہی صوبائی قیادت گلگت بلتستان سطح پر ایک کمیٹی تشکیل دے گی، جس میں خطے کے تمام سٹیک ہولڈرز، وکلاء اور پڑھے لکھے لوگ شامل ہوں گے، یہ کمیٹی تمام زاویوں کو مدنظر رکھ کر ایک جامع سفارشات تیار کرے گی، یہ سفارشات پھر وفاقی حکومت کو پیش کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے منشور میں بھی واضح ہے کہ گلگت بلتستان کو تمام تر بنیادی حقوق دیئے جائیں گے، کشمیر ڈے کے حوالے سے تحریک انصاف کے رہنمائوں کا کہنا تھا کہ ڈی چوک پر یوم یکجہتی ریلی میں ورکر بھرپور شرکت کریں گے اور مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکیجہتی کیا جائے گا، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ صوبائی وزراء کا بیان قابل مذمت ہے، 4 سال لوٹ مار کے بعد انہوں نے حفیظ سے راستہ جدا کر لیا ہے، یہ صرف مفادات حاصل کرنے کا ایک بہانہ ہے۔
خبر کا کوڈ : 776004
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش