0
Wednesday 6 Feb 2019 01:53

ہمیں گلہ اپنے مسلمان حکمرانوں سے ہے جو کشمیر اور فلسطین کے قتل عام پر خاموش ہیں، راشد نسیم

ہمیں گلہ اپنے مسلمان حکمرانوں سے ہے جو کشمیر اور فلسطین کے قتل عام پر خاموش ہیں، راشد نسیم
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کی اپیل پر ملک و بیرون ملک کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے اور مظلوم کشمیریوں اور ان کی جدوجہد آزادی کے ساتھ یکجہتی کے لئے یوم یکجہتی کشمیر منایا گیا، اس سلسلہ میں ملتان میں جماعت اسلامی ضلع ملتان کے زیراہتمام گورنمنٹ علمدار حسین اسلامیہ کالج سے لاہوری گیٹ یکجہتی کشمیر ریلی نکالی گئی، جس کی قیادت جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی نائب امیر راشد نسیم نے کی۔ امیر جماعت اسلامی ضلع ملتان ڈاکٹر صفدر اقبال ہاشمی، ضلعی سیکرٹری جنرل صہیب عمار صدیقی، نائب امیر چودھری اطہر عزیز ایڈووکیٹ، جمعیت اتحاد العلماء پنجاب کے صدر مولانا عبدالرزاق، مولانا انعام اللہ، جماعت اسلامی جنوبی پنجاب کے رہنما ڈاکٹر اشرف علی عتیق، صوبائی سیکرٹری اطلاعات کنور محمد صدیق، شیخ اسرار حسین، عبدالرحمن حیدری کے ہمراہ ریلی کی قیادت کی۔ ریلی کے شرکاء نے جماعت اسلامی کے کلمہ طیبہ والے پرچم اور بینرز اٹھا رکھے تھے، جن پر بھارتی مظالم کی مذمت اور کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کیلئے نعرے درج تھے، ریلی کے دوران کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی گئی اور شرکاء ریلی نے زبردست نعرے بازی کی۔ دکانداروں نے ریلی کے شرکاء پر گل پاشی کی اور وکٹری کا نشان بنا کر یکجہتی کا اظہار کیا۔

یکجہتی کشمیر ریلی سے راشد نسیم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر خطے میں امن قائم نہیں ہوسکتا، بھارتی فورسز نے کشمیری بہنوں اور بھائیوں پر ظلم کی انتہا کر دی، 2 ماہ میں 72 افراد سے زائد بے گناہ کشمیریوں کو شہید کر دیا گیا، کشمیری 72 سال سے اپنی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں، ہر طرح کا ظلم سہ رہے ہیں مگر ان کے اندر جذبہ جدوجہد آزادی میں کمی نہیں آئی، مگر دنیا بھر کے انسانی اداروں اور اقوام عالم کو کشمیر اور فلسطین میں مسلمانوں پر بھارتیوں اور اسرائیلیوں کے مظالم نظر نہیں آتے، ان کا دوہرا معیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں گلہ عالمی اداروں اور غیر مسلمانوں سے نہیں اپنے مسلمان حکمرانوں سے ہے جو کشمیر اور فلسطین کے قتل عام پر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں، انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کا کردار بھی سابقہ حکمرانوں سے مختلف نہیں وہ بھارت سے مذاکرات اور تجارت کی بھیک مانگ رہے ہیں، جو مظلوم کشمیریوں کے زخموں پر نمک پاشی کرنے کے مترادف ہے، کشمیری پاکستان کی تکمیل اور اپنی آزادی کی جدوجہد کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر جہاد کے نتیجے میں ہی آزاد ہوگا، جہاد کی بدولت ہی افغانستان میں پہلے روس کو شکست ہوئی اور اب امریکہ شکست سے دوچار ہے، افغان مجاہدین و طالبان سے واپسی کا باعزت راستہ لینے کیلئے مذاکرات کی بھیک مانگ رہا ہے، امریکہ ذلیل ہوکر نکلے گا، کشمیر کی آزادی نوشتہ دیوار ہے، کشمیریوں کو بازوئے طاقت سے غلام بنا کر نہیں رکھا جا سکتا، پاکستان کا بچہ بچہ اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہے، پاکستان اور بیرون ممالک میں مقیم تمام پاکستانی کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے سڑکوں پر ہیں، دیگر مقررین نے کہا کہ پاکستانی قوم پہلے بھی کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی پشتی بانی کرتی تھی اور کرتی رہے گی۔
خبر کا کوڈ : 776386
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش