0
Wednesday 27 Feb 2019 09:27

او آئی سی کا بھارت کو بلانا زخموں پر نمک چھڑکنا ہے، علی گیلانی

او آئی سی کا بھارت کو بلانا زخموں پر نمک چھڑکنا ہے، علی گیلانی
اسلام ٹائمز۔ آل پارٹیز حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی جانب سے بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کو بطور اعزازی مہمان مدعو کرنے پر سخت ردِعمل دیتے ہوئے اسے کشمیریوں کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف قرار دیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کشمیر میں مسلمان مسلسل جبر و تشدد سے تکلیف میں ہیں۔ جموں اور کشمیر پر تمام اخلاقی، انسانی اور جمہوری قدروں کے خلاف قبضہ کیا گیا جس کے نتیجے میں کشمیری عوام پر ظلم و استبداد، قتلِ عام، تشدد، گولیوں، پیلٹ گنز ریپ اور استحصال کا نہ تھمنے والا سلسلہ عام ہو چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان تمام تر ظالمانہ کارروائیوں کی ناکامی پر اب بھارت کشمیر میں مسلمانوں کی اکثریت پر مشتمل آبادی کی تعداد کو تبدیل کرنا چاہتا ہے۔ سید علی گیلانی کا مزید کہنا تھا کہ 57 مسلمان ممالک آج تک مسلم امہ کو بچانے نہیں آئے اور ان کی نمائندہ تنظیم کشمیری مسلمانوں کے رستے زخموں پر مرہم رکھنے کے بجائے ہمارے قاتلوں کا خیر مقدم کے لیے تیار ہے۔

سید علی گیلانی کا مزید کہنا تھا کہ تنطیم کے سرگرم اراکین کی جانب سے بھارت کو واضح الفاظ میں پیغام جانا چاہیئے کہ یہ کسی طور بھی مسلم امہ کے سرپرستوں کے لئے قابلِ قبول نہیں ہے۔ واضح رہے کہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے غیر متوقع اقدام کرتے ہوئے دہلی کو بھی اپنے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت کے لئے مدعو کیا ہے۔ یہ بات مدنظر رہے کہ او آئی سی کو "مسلم دنیا کی مجموعی آواز" تصور کیا جاتا ہے اور اس کا مقصد مسلم امہ کے مفادات کا عالمی سطح پر تحفظ کرنا اور دنیا کے دیگر لوگوں میں ہم آہنگی پیدا کرنا ہے۔ ماضی میں او آئی سی کی جانب سے بھارت کی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تنقید کی جا چکی ہے۔ واضح رہے کہ او آئی سی کا اجلاس ابوظہبی میں یکم اور 2 مارچ کو منعقد ہو گا، جس میں متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زید بن النہیان نے بھارتی وزیر خارجہ کو "اعزازی مہمان" کے طور پر مدعو کیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 780314
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش