0
Tuesday 26 Mar 2019 23:30

ملتان، یوم حسینؑ کمیٹی کے زیراہتمام دسترخوان ابوطالبؑ، یوسف گیلانی اور جاوید ہاشمی کا خطاب

ملتان، یوم حسینؑ کمیٹی کے زیراہتمام دسترخوان ابوطالبؑ، یوسف گیلانی اور جاوید ہاشمی کا خطاب
اسلام ٹائمز۔ سابق وزیراعظم پاکستان سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ دین اسلام امن و بھائی چارے کا دین ہے، جس میں سختی یا زبردستی کی کوئی گنجائش موجود نہیں ہے، دنیا میں تیزی سے پھیلتے ہوئے مذہب کا نام دین اسلام ہے، حضرت علیؑ کا شمار نبی کریم کے قریب ترین اور قابل اعتماد ساتھیوں میں ہوتا ہے، آپ نے اشاعت و تبلیغ اسلام کے لئے نہ صرف اہم کردار ادا کیا بلکہ بے شمار قربانیاں بھی پیش کیں، حضرت علیؑ کی جرات وبہادری کے چرچے عام تھے، اگر ہم نے دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کرنی ہے تو نبی کریم کی تعلیمات پر عمل کرنا ہوگا، سانحہ نیوزی لینڈ افسوس ناک ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، لیکن ایسے حالات میں نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کا کردار خوش آئند ہے جسے امت مسلمہ نے قدر کی نگا ہ سے دیکھا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم حسین کمیٹی ملتان کے صدر سید اصغر عباس نقوی کی جانب سے مقامی میرج کلب میں منعقدہ دستر خوان ابو طالبؑ کے موقع پر صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سینئر سیاست دان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا کہ حضرت علی جرات و بہادری کے پیکر اور مبلغ اسلام تھے، آپ کی بہادری کی وجہ سے مسلمانوں نے کئی لڑائیوں میں فتوحات حاصل کیں، جبکہ آپ کی جرات کے باعث اسلام کا پیغام دور دور تک پھیلا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے کسی بھی مسلمان کو حضرت علی کی ذات سے کوئی اختلاف نہیں، اگر کسی کو کوئی اختلاف ہے تو وہ مسلمان نہیں ہے، یوم حسین کمیٹی ملتان کے صدر سید اصغر حسین نقوی نے کہا کہ حضرت علی کی تعلیمات ہمارے لئے مشعل راہ ہیں، اگر ہم حضرت علی کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو جائیں تو دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سوچی سمجھی سازش کے ذریعے ملک میں دہشت گردی کرکے امن خراب کرنے کوشش کی گئی، اس دہشت گردی میں ہم نے اپنے ہزاروں افراد کو قربان کیا، لیکن اس کے باوجود امن کا راستہ نہ چھوڑا کیونکہ یہی درس حسینی ہے، جس پر عمل پیرا ہو کر ہم فخر محسوس کرتے ہیں، اس موقع پر ممبر قومی اسمبلی ملک محمد عامر ڈوگر، ممبر صوبائی اسمبلی محمد ندیم قریشی، ممبر صوبائی اسمبلی جاوید اختر انصاری، سابق اراکین اسمبلی بابو نفیس احمد انصاری، محمد عثمان بھٹی سمیت ملک عدنان ڈوگر، آصف رفیق رجوانہ، شکیل لابر، علامہ غلام مصطفی انصاری، سیدجعفر علی شاہ، ادیب حیدر عابدی ڈاکٹر کلیم عباس، شبر عباس نقوی، سجاد حسین نقوی نے شرکت اور خطاب کیا۔
خبر کا کوڈ : 785315
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش