0
Thursday 18 Apr 2019 19:32

جنوبی وزیرستان کی خاصہ دار فورس کا پولیو مہم سے بائیکاٹ کا اعلان

جنوبی وزیرستان کی خاصہ دار فورس کا پولیو مہم سے بائیکاٹ کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ جنوبی وزیرستان سے تعلق رکھنے والی خاصہ دار فورس نے بند تنخواہوں کے خلاف ٹانک میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔ کشمیر چوک میں احتجاجی مظاہرے کے دوران محسود قبیلے کے خاصہ داروں نے پولیو مہم سے بائیکاٹ کا اعلان بھی کردیا۔ خاصہ دار فورس نے پچھلے 9 ماہ سے تنخواہوں کی بندش کے خلاف پولیٹیکل کمپاؤنڈ ٹانک سے کشمیر چوک تک احتجاجی ریلی بھی نکالی۔ کشمیر چوک پر احتجاجی مظاہرین کا کہنا تھاکہ حکومت انضمام کے بعد فاٹا دشمن پالیسیوں پر اتر آئی ہے، پچھلے کئی ماہ سے تنخواہوں کی بندش کے باعث گھروں میں فاقوں کا عالم ہے۔ انہوں نے کہاکہ جب تک تنخواہیں فراہم نہیں کی جاتیں، جنوبی وزیرستان میں پولیو مہم سے بائیکاٹ جاری رہے گا، جبکہ 24 اپریل کو وزیراعظم پاکستان عمران خان کے جنوبی وزیرستان کے ممکنہ دورے پر بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ چند دن قبل وزیراعلٰی خیبرپختونخوا محمود خان نے قبائلی اضلاع میں خدمات انجام دینے والے لیویز اور خاصہ دار اہلکاروں کو پولیس میں ضم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعلٰی ہاؤس پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلٰی خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا کہ تمام لیویز اور خاصہ دار اہلکار پولیس فورس میں ضم ہوگئے، ان کے تمام تحفظات دور کردیئے ہیں، یہ 28 ہزار اہلکار ہیں جنہیں تربیت دینگے اور پولیس کی طرز پر ہی تمام رینکس، مراعات اور ترقیاں دی جائیں گی۔ محمودخان نے کہا کہ اسکا سہرا وزیراعظم عمران خان کے سر ہے کہ ان اہلکاروں کا مستقبل محفوظ ہوگیا، ان کے لئے وفاقی و صوبائی حکومت تمام وسائل فراہم کریگی، قبائلی اضلاع کے حالات میں لیویز اورخاصہ داروں نے قربانیاں دی ہیں اور ہم انہیں ان کی قربانیوں کا صلہ دینگے۔ وزیراعلٰی خیبرپختونخوا کے نوٹیفکیشن کے مطابق اس کام کے لئے 6 ماہ کا وقت دیا گیا ہے اور یہ انضمام رواں سال اکتوبر تک مکمل ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 789369
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش