0
Friday 19 Apr 2019 08:08

ترکی کے ساتھ انسٹکس طرز کا نیا تجارتی نظام بنائیں گے، ایرانی وزیر خارجہ

ترکی کے ساتھ انسٹکس طرز کا نیا تجارتی نظام بنائیں گے، ایرانی وزیر خارجہ
اسلام ٹائمز - اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے جمعرات کے روز اعلی سطحی ایرانی وفد کے ہمراہ ترکی کے اپنے دو روزہ سرکاری دورے کے آخری دن میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ترک وزارت خارجہ اور اعلی حکومتی عہدیداروں کے ساتھ دونوں ممالک کے باہمی تعلقات اور خطے میں جاری اور بین الاقوامی مسائل پر گفتگو کی۔ انہوں نے اپنے شام کے دورے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کے ترکی کے دورے کے دوران شام، ادلب، شام میں موجود امریکی افواج اور شام میں سیاسی سرگرمیوں کی بحالی کے لئے ناگزیر اقدامات پر بھی خصوصی گفتگو ہوئی۔


انہوں نے وینزویلا میں غیر قانونی امریکی مداخلت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ترک قیادت سے وینزویلا میں امریکی مداخلت سمیت شمالی افریقہ کی تشویشناک صورتحال اور اس کے ممکنہ فوجی حل پر بھی سیرحاصل گفتگو کی ہے۔ انہوں نے ایران پر عائد امریکی پابندیوں کے حوالے سے ترکی کے کردار کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ترکی میں موجود ہمارے دوست ہمیشہ سے ایران پر عائد امریکی پابندیوں اور سپاہ پاسداران کے خلاف امریکی اقدام کی مخالفت کرتے رہے ہیں جبکہ ایران ترکی کے اس موقف پر اس کا شکرگزار ہے۔


ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے ایران پر عائد امریکی پابندیوں کے تناظر میں ترکی کے ساتھ قائم کئے جانے والے نئے تجارتی نظام کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا ترکی کی حکومت کے ساتھ اس بات پر اتفاق ہوا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان ترجیحی ٹیرف، انرجی، مشترکہ کرنسی اور ترکی اور ایران کے درمیان INSTEX کی طرح کے نئے تجارتی نظام سمیت پانچ تجارتی میدانوں میں خصوصی بنیادوں پر کام کیا جائے گا۔  محمد جواد ظریف نے مزید کہا کہ آج ایران اور ترکی کے درمیان جس نوعیت کے دوستانہ تعلقات قائم ہیں، شاید ہی کبھی قائم ہوئے ہوں جبکہ ہمیں اس بات پر خوشی ہے کہ آذربائیجان، عراق، افغانستان، پاکستان سمیت اپنے شمالی اور وسطی ایشیائی ہمسائیوں کے ساتھ بھی ہمارے دوستانہ تعلقات قائم ہیں۔


انہوں نے غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کے ہاتھوں امریکہ جیسے بااثر ملک کے یرغمال بن جانے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ نیتن یاہو اور اس کے حلیفوں نے امریکی سیاست کو اس قدر جکڑ رکھا ہے کہ آج اسرائیل نہ صرف امریکی عوام کے مفادات اور سرمائے کو بلکہ امریکی کانگریس کے فیصلوں کو بھی اپنے حق میں استعمال کرتا ہے۔
 
خبر کا کوڈ : 789407
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش