0
Sunday 5 May 2019 18:44

آئی ایم ایف پاکستان کو پتھر کے دور میں دھکیل رہا ہے، ڈاکٹر مرتضیٰ مغل

آئی ایم ایف پاکستان کو پتھر کے دور میں دھکیل رہا ہے، ڈاکٹر مرتضیٰ مغل
اسلام ٹائمز۔ پاکستان اکانومی واچ کے صدر ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف پاکستان کو پتھر کے دور میں دھکیل رہا ہے، یہ ادارہ کاروباری سرگرمیوں کے حوصلہ افزائی کے بجائے انکی تباہی اور ملک کو عوام کا قبرستان بناکر ہی مطمئن ہوگا، پاکستان آیا ہوا آئی ایم ایف کا مشن معیشت کی تباہی اور عوام کش پالیسیوں کا تسلسل یقینی بنا کر واپس جائے گا، یہ ادارہ کبھی عوام کو با اختیار بنانے یا ٹیکس نظام سہل کرنے کی اجازت نہیں دے گا، تاکہ ملک ہمیشہ اسکا محتاج رہے۔ اپنے بیان میں ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے کہا کہ بیوروکریسی حکومت اور عوام کے مابین فاصلے پیدا کرنے میں کامیاب ہوگئی ہے، انکے مشوروں پر عمل کرکے حکومت عوام اور معیشت کیلئے خطرہ بن رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کو مستحکم کرنے کے بہانے کمزور اور مظلوم طبقات کو ہدف بنایا جا رہا ہے، امیروں سے ٹیکس لینے کے بجائے غریبوں کی زندگی روز بہ روز مشکل کی جا رہی ہے۔

ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے کہا کہ عوام کے خلاف اعلان جنگ کر دیا گیا ہے اور انکے حقوق پامال کئے جا رہے ہیں، جبکہ مختلف مافیا اور بزنس مینوں کے گینگ ملک پر راج کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف نے شرح سود بڑھانے، روپے کی قدر کم کرنے، بجلی کی قیمت میں پچیس فیصد اضافے اور نجکاری کا مطالبہ کر دیا ہے، جبکہ پٹرول کی قیمت میں اضافہ کی خبر سے عوام سہم گئے ہیں، ان اقدامات سے پیداوار، برامدات اور روزگار متاثر ہوگا، جبکہ معیشت مجموعی طور پر سکڑ جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کی وجہ سے جلد ہی سارا ملک غذائی قلت میں مبتلا ہو کر تھر کا منظر پیش کر سکتا ہے، جہاں بھارت کی طرح خودکشیاں عام ہو سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے احکامات آئین میں شامل بنیادی انسانی حقوق، بشمول روٹی، کپڑا، مکان، تعلیم، علاج وغیرہ اور حکومت کے منشور، وعدوں اور دعوؤں سے متصادم ہیں۔
خبر کا کوڈ : 792387
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش