0
Tuesday 4 Jun 2019 14:19

محکمہ تعلیم کے تبادلوں میں پانچ ارب تک کی کرپشن ختم کر دی ہے، مراد راس

محکمہ تعلیم کے تبادلوں میں پانچ ارب تک کی کرپشن ختم کر دی ہے، مراد راس
اسلام ٹائمز۔ پنجاب کے وزیر تعلیم ڈاکٹر مراد راس نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے پنجاب میں ٹیچر ٹرانسفر پورٹل بنا کر اساتذہ کے تبادلوں کو میرٹ پر کر دیا ہے۔ صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ پنجاب بھر میں ساڑھے 6 لاکھ اساتذہ اور دیگر ملازمین موجود ہیں جنہیں اپنے تبادلوں کے لیے دھکے کھانا پڑتے تھے اور اپنی فائلیں لے کر افسران اور اراکین اسمبلی سے سفارش کرانا پڑتی تھیں، جس میں ان کا نہ صرف وقت ضائع ہوتا تھا بلکہ رشوت بھی دینی پڑتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ میرے پاس بھی اساتذہ کے تبادلے کے سفارشیں آتی تھیں لیکن میں نے کسی کی سفارش قبول نہیں کی۔

انکا کہنا تھا کہ ہم نے یہ پورٹل بنا دیا جس کے ذریعے وہ گھر بیٹھے اپنے تبادلے کے لیے درخواست دے سکیں گے اور میریٹ کی بنیاد پر ہی اساتذہ کو تبادلے کے لیے فون پر ہی آرڈرز موصول ہو جائیں گے۔ ڈٓاکٹر مراد راس  نے کہا کہ مجھ سے بہت سے لوگ ناراض ہو گئے ہیں کہ ہماری باری آئی تو آپ نے یہ اساتذہ کے تبادلے کے نیا نظام بنا دیا، ہمیں اگر اپنے نظام کو بہتر کرنا ہے تو ہمیں اساتذہ کے ان کے گھر کے قریب ہی تبادلے کرنے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ نظام تعلیم میں تبادلوں کے دوران تین سے پانچ ارب روپے کی کرپشن ہوتی تھی جو اب ختم ہو گئی جبکہ اب اساتذہ کی زندگی بھی آسان ہو گئی ہے۔ ہم اب میرٹ کی بنیاد پر ہی تبادلے کر رہے ہیں اور جو استاد سب سے دور پڑھا رہا ہے اسے اس کے گھر کے قریب لایا جائے گا۔
 
خبر کا کوڈ : 797878
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش