0
Wednesday 5 Jun 2019 09:08

لاہور، عید الفظر کی نمازیں ادا، ہزاروں افراد کی شرکت

لاہور، عید الفظر کی نمازیں ادا، ہزاروں افراد کی شرکت
اسلام ٹائمز۔ لاہور شہر میں عیدالفطر کی نمازیں ادا کر دی گئیں، عید کے اجتماعات مساجد، گراونڈز، پارکس، امام بارگاہوں اور مدارس میں منعقد ہوئے۔ سب سے بڑا اجتماع بادشاہی مسجد میں ہوا جہاں علامہ عبدالخبیر آزاد نے نماز عید پڑھائی۔ گورنر پنجاب چودھری محمد سرور سمیت دیگر نے نماز عید بادشاہی مسجد میں ادا کی۔ عید کے اجتماعات میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ داتا دربار میں مفتی رمضان سیالوی کی اقتداء میں نماز عید ادا کی گئی۔ مینار پاکستان گراونڈ میں نمازِ عید علامہ ابتسام الہی ظہیر کی اقتداء میں ادا کی گئی۔ جامعہ عروۃ الوثقیٰ میں علامہ سید جواد نقوی نے نماز عید پڑھائی جس میں ہزاروں کی تعداد میں فرزندان اسلام نے شرکت کی۔ جامع مسجد غوثیہ سمن آباد میں بھی نماز عید ادا کی گئی۔ ادھر مزنگ چونگی میں جامعہ مسجد عبقری میں نماز عید ادا کی گئی جس میں شہریوں نے بھرپور شرکت کی۔

ناصر باغ میں علامہ حافظ سید کاظم رضا نقوی کی اقتداء میں نماز عید ادا کی گئی۔ جامعہ نعیمیہ میں بھی نمازِ کا اجتماع ہوا، جس میں علامہ راغب نعیمی نے نماز عید پڑھائی۔ ریس کورس پارک میں ہونیوالی نمازِ عید میں مولانا عبدالغفار روپڑی نے امامت کروائی جبکہ جامعہ مسجد منہاج القرآن میں بھی نماز عید کا اجتماع منعقد ہوا جس میں فرزندان اسلام کی کثیرتعداد شریک ہوئی۔ جامعہ اشرفیہ میں نماز عید ادا کی گئی، علامہ فضل رحیم اشرفی نے نماز عید کی امامت کروائی جبکہ جامع مسجد منصورہ میں سابق نائب امیر جماعت اسلامی حافظ محمد ادریس کی اقتداء میں نماز عید ادا کی گئی۔ ادھر جوہر ٹاون میں ادارہ منہاج الحسین میں علام محمد حسین اکبر نے نماز عید پڑھائی جبکہ ماڈل ٹاون میں جامعہ المنتظر میں علامہ سید تطہیر حسین زیدی کی اقتداء میں نماز عید ادا کی گئی۔ شہر میں دیگر مقامات پر بھی نماز عید کے بڑے چھوٹے اجتماعات ہوئے۔ عید کے اجتماعات کے موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ جامہ تلاشی کے بعد شہریوں کو اجتماع گاہ میں داخل ہونے دیا گیا۔  اس موقع پر ملک میں امن و امان کے قیام اور سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
 
خبر کا کوڈ : 797998
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش