0
Sunday 9 Jun 2019 16:28

اے این پی کا مہنگائی کیخلاف صوبہ گیر احتجاج

اے این پی کا مہنگائی کیخلاف صوبہ گیر احتجاج
اسلام ٹائمز۔ ملک میں جاری مہنگائی کے خلاف عوامی نیشنل پارٹی کے زیر اہتمام خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں اور قبائلی اضلاع میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے، جن کی قیادت پارٹی کے مرکزی اور صوبائی رہنماؤں نے کی۔ مظاہروں میں کارکنوں کے علاوہ عام شہریوں نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی۔ ضلع چارسدہ میں مہنگائی کے خلاف ہونے والا احتجاجی مظاہرہ اے این پی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان کی قیادت میں ہوا، جبکہ ضلع صوابی میں صوبائی صدر ایمل ولی خان کی سربراہی میں ہوا۔ احتجاجی مظاہروں میں سخت گرمی کے باوجود پارٹی کارکنوں اور عام شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی جنہوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اُٹھا رکھے تھے جن پر ملک میں جاری مہنگائی اور حکومت مخالف نعرے درج تھے۔

چارسدہ میں ہونے والے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کے دوران مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے تحریک انصاف کی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نے ملک کی تاریخ میں سب سے زیادہ قرضے لئے ہیں جو گذشتہ 70 سالوں میں کسی بھی حکومت نے نہیں لئے، لیکن اس کے باوجود ملک میں مہنگائی آسمان سے باتیں کررہی ہے، جبکہ حکومت کو کسی کی پرواہ تک نہیں اور عوام کو جھوٹے حوصلے دیئے جارہے ہیں۔ اسفندیار ولی خان نے کہا کہ جاری مہنگائی کے باعث ملک کا متوسط طبقہ دن بدن نیچے جا رہا ہے جو انتہائی خطرناک بات ہے اور ایسے حالات میں ملک میں خونی انقلاب کیلئے راستہ صاف ہو رہا ہے۔

عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر نے وزیرستان کے علاقہ خڑ کمر میں پیش آنے والے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ اُن کی پارٹی ایسے تشدد کے واقعات اور گذشتہ دو روز میں سکیورٹی فورسز پر ہونے والے بم دھماکوں کی بھی مذمت کرتی ہے۔ خیبر پختونخوا حکومت کے حوالے سے اسفندیار ولی خان کا کہنا تھا کہ صوبہ میں وزیراعلٰی محمود خان اور اس کی کابینہ کے پاس بالکل اختیارات نہیں ہیں اور ہر وزارت میں بیٹھے عمران خان کے خصوصی نمائندگان تمام فیصلے کرتے ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے جسٹس قاضی فائز عیسٰی کے خلاف حکومتی ریفرنس کے حوالے سے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی وکلاء کی تحریک کے ہر فیصلے کی کھلم کھلا حمایت کرے گی اور حکومت کی تحریک کو ناکام بنائیں گے۔

اسفندیار ولی خان نے کہا کہ عمران خان نے قومی اسمبلی اجلاس کے دوران کہا تھا کہ فاٹا کے عوام کو اُن کے حقوق دیئے جائیں گے اور حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ قبائلی اضلاع میں صوبائی اسمبلی کی نشستوں کی تعداد 16 سے بڑھائی جائی گی، تاہم اب انہیں چاہیئے کہ وہ قومی اسمبلی سے منظور شدہ اس ترمیمی بل کو سینیٹ سے بھی پاس کروائیں جس میں تمام سیاسی پارٹیوں نے اُن کی حمایت کی تھی۔ عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ملک میں جاری مہنگائی کو کنٹرول کرنے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں اور غریب عوام کیلئے ادویات اور دیگر اشیائے خورد و نوش سمیت پٹرول کی قیمتوں میں کمی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن کی جانب سے طلب کئے گئے آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) کے بعد عوامی نیشنل پارٹی اپنے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گی۔
خبر کا کوڈ : 798556
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش