0
Thursday 13 Jun 2019 18:49

ہم ہائی پاور کمیشن کے سامنے پیش ہونے کے لئے تیار ہیں، شاہد خاقان عباسی

ہم ہائی پاور کمیشن کے سامنے پیش ہونے کے لئے تیار ہیں، شاہد خاقان عباسی
اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ نون کے سینئیر نائب صدر سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ دو روز قبل وزیر اعظم کی تقریر دھمکیوں اور گالیوں سے زیادہ کچھ نہیں تھی۔ ریاست مدینہ کے حکمران بہتان لگاتے ہیں، رات گئے تقریر کا مقصد بجٹ سے دھیان بٹانا تھا۔ لاہور میں مسلم لیگ نون کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی حکومت نے 10ہزار ارب روپے قرض لیا، ان دس ہزار ارب سے 5 اعشاریہ 8 فیصد سے گروتھ ہوئی۔ شاہد خاقان نے کہا نو ہزار ارب صوبوں، 5 ہزار ارب سود کی ادائیگی پر جبکہ 3800 ارب دفاع پر خرچ کئے گئے، یہ تمام  اخراجات ریکارڈ کا حصہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے دور حکومت میں میگا پراجیکٹ پر انوسٹمنٹ شروع کی ،صرف نیلم جہلم پر پانچ سو ارب روپے لگے، آپریشن ضرب عضب، سڑکوں کا جال، نیوکلئیر پاور پروگرام، ڈیفنس کے پروگرام، گوادر میں ترقیاتی کام انہیی پیسوں سے ہوئے۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہم ہائی پاور کمیشن کے سامنے پیش ہونے کے لئےتیار ہیں۔ موجودہ وزیراعظم دو سالوں میں دس ہزار ارب کے اضافی قرضوں کا بوجھ ڈالیں گے، ان قرضوں سے کوئی نیا منصوبہ نہیں شروع کیا جا رہا ہے۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ گروتھ لگ بھگ تین فیصد کے قریب رہے گی جس سے نوکریاں بڑھیں  گی نہیں بلکہ کم ہونگی۔  افراط زر بڑھے گا۔

انکا کہنا تھا کہ افراط زار تین گنا اور ترقی کی رفتار آدھے سے زیادہ کم ہو جائے گی۔ سابق وزیر اعظم نے کہا کہ عمران خان نے اپنی تقریر میں نیب سے لا تعلقی کا اعلان بھی کیا، انکے ایک وزیر کی طرف سے یہ بھی کہا گیا کہ ملک کے مسائل کا حل پانچ ہزار افراد کو قتل ہے، جو کہ باعث تشویش ہے۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا ہم نے مشرف کی آمریت بھگتی ہے، عمران خان کو بھی بھگت لیں گے، عمران خان آپ میں ہمت ہے، تو اسمبلی میں تقریر کرتے یا دن کی روشنی میں ہی کر لیتے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اخراجات کے تمام گوشوارے بھر کے رکھے ہوئے ہیں، دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا، دس مہینوں میں عمران خان یا اس کے وزیروں نے نواز شریف کے دور حکومت میں ہونے والی دھاندلی کا ایک بھی ثبوت ابھی تک نیب کو نہیں بھیجا ہے۔
 
خبر کا کوڈ : 799336
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش