0
Thursday 27 Jun 2019 11:20

شاہ محمود قریشی کی اسلام آباد میں افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات

شاہ محمود قریشی کی اسلام آباد میں افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات
اسلام ٹائمز۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اسلام آباد میں افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات کی ہے۔ دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات، افغان امن عمل سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہء خیال کیا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے وزیر اعظم عمران خان اور پاکستانی عوام کی طرف سے افغان صدر کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغانستان اور پاکستان کے مابین دیرینہ جغرافیائی، تاریخی، تعلقات ہیں، دہائیوں پر محیط تنازعے اور عدم استحکام کے نتیجے میں افغان عوام نے بے پناہ مصائب اور مشکلات کا سامنا کیا ہے، افغانستان میں پائیدار امن، استحکام اور خوشحالی پاکستان کے اپنے مفاد میں ہے۔

انکا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان میں جاری امن عمل کے لئے کھلے دل، نیک نیتی اور مشترکہ ذمہ داری کے طور پر اپنا مصالحانہ کردار ادا کرتا رہے گا، پاکستان افغان نتیجہ خیز مذاکرات کی ضرورت پر ہمیشہ زور دیتا چلا آ رہا ہے، کیونکہ افغانستان میں پائیدار امن اور استحکام کا یہی ایک واحد راستہ ہے۔ ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے مابین تجارت میں اضافے، معیشت، سرمایہ کاری کے فروغ، مواصلات، توانائی، ثقافت اور عوامی سطح پر روابط کو بہتر بنانے کے حوالے سے خصوصی تبادلہ خیال ہوا اور امن و اخوت کے لئے افغانستان پاکستان کی وضع کردہ حکمت عملی (اے پی اے پی پی ایس) کو عوام کی بہتری اور بہبود کے لئے بروئے کار لانے پر اتفاق ہوا۔ افغان صدر اشرف غنی نے افغان امن عمل میں پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔
خبر کا کوڈ : 801804
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش